دبئی کے کلبوں میں ڈانس کیلئے دباؤماڈل و اداکارہ نشاء کی خودکشی کا سبب نکلا

دبئی کے کلبوں میں ڈانس کیلئے دباؤماڈل و اداکارہ نشاء کی خودکشی کا سبب نکلا
دبئی کے کلبوں میں ڈانس کیلئے دباؤماڈل و اداکارہ نشاء کی خودکشی کا سبب نکلا

  


 لاہور(وقائع نگار)ائیر ہوسٹس بننے کی خواہش مند نوآموز ماڈل نشاء ملک دبئی کے کلبوں میں ڈانس نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن گھر والے اس بات پر بضد تھے جس کے باعث اس نے تنگ آکر خودکشی کر لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نشاء ملک کو گھر والے دبئی کے ڈانس کلبوں میں بھیجنے پر مجبور کرتے تھے۔22سالہ نشاء ملک جس کا اصل نام شیزہ ہے نو بہن بھائیوں میں ساتویں نمبر پر تھی۔بی اے کرنے کے بعد اسے ائیر ہوسٹس بننے کا شوق تھا لیکن گھر والوں نے شوبز میں کام کرنے پر مجبور کیا جس کے بعد نشاء نے ماڈلنگ اور فیشن شوٹس کے ذریعے کام کاآغاز کیا ۔تین ماہ قبل بھی نشاء ملک دبئی کے کلبوں میں ڈانس کرتی رہی اور واپس آتے ہی ہدایتکار اے حفیظ کی فلم ’’بیسٹ آف لک ‘‘اور ہدایتکار خرم ملک کی فلم ’’عالم ‘‘سائن کر لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نشاء ملک دبئی کے ڈانس کلبوں میں ڈانس نہیں کرنا چاہتی تھی اور فلموں میں اپنی مصروفیات جاری رکھ کر لاہور یا ملک میں ہی رہنا چاہتی تھی تاکہ کسی موڑ پر کسی سفارش کے ذریعے ائیر ہوسٹس بن جائے۔آنکھوں میں ائیرہوسٹس بننے کے سپنے لئے فلموں میں کام تو شروع کردیا لیکن اہل خانہ کا دبئی بھجوانے کا دباؤ گھر میں جھگڑوں کا باعث بن گیا،یہ جھگڑے اہل محلہ نے بھی سنے اور ان ہی جھگڑوں کے بعد نشاء ملک نے اپنے کمرے میں جا کر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔اہل خانہ ان جھگڑون کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں اور انہوں نے پولیس کو بھی یہ نہیں بتایا کہ خودکشی سے پہلے ان کا جھگڑا ہوا تھا۔خودکشی کی اصل وجوہات جاننے کے لئے اہل محلہ اور قریبی رشتہ داروں سے بات کی گئی تو ان کا بھی یہی کہنا تھا کہ نشاء دبئی نہیں جانا چاہتی تھی۔ 22 اگست کو فیملی کو سیر کروانے دبئی لیکر گئی اور انتیس اگست کو واپس آئی لیکن اب دوبارہ دبئی جانے کی باتیں ہو رہی تھیں اوراسی مسئلے پر گھر میں جھگڑے بھی ہوتے تھے۔پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے کہ نشاء ملک نے خود کشی کی یا اسے پنکھے سے لٹکایا گیا ہے۔

مزید : علاقائی