نولکھا ، منشیات فروشوں کا تعاقب کرتے ہوئے ڈولفن فورس کی فائرنگ سے 7سالہ بچی زخمی

نولکھا ، منشیات فروشوں کا تعاقب کرتے ہوئے ڈولفن فورس کی فائرنگ سے 7سالہ بچی ...

لاہور(وقائع نگار) نولکھا کے علاقے میں منشیات فروشوں کا تعاقب کرنے والے ڈولفن فورس کی فائرنگ سے سات سالہ بچی زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال میں منتقل کردیاگیا۔پولیس نے ڈولفن کے چاروں اہلکارو ں کو حراست میں لے لیا جبکہ آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی۔ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے سات سالہ ارم حادیہ کے زخمی ہونے کا واقعہ پاتھی گراونڈ کے علاقے میں پیش آیا جہاں منشیات فروشوں کا تعاقب کرنے والی ڈولفن فورس پر مبینہ طور پر ملزمان نے فائرنگ کی۔ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے گلی سے گزرنے والی سات سالہ بچی گولی کی زد میں آگئی۔زخمی ہونے والی بچی نے بتایا کہ گولی لگنے کے بعد وہ گر گئی۔ڈولفن اہلکاروں نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہوگیا۔ اطلا ع ملنے پر نولکھا پولیس موقع پر پہنچی اور چاروں ڈولفن اہلکاروں کو حراست میں لے لیا جن سے ایس پی سٹی محمد نوید، اور ایس پی مجاہد قرار حسین شاہ نے پوچھ گیچھ کی۔بچی کے والد محمد رضوان نے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ایس پی سٹی محمد نوید کا کہناتھا کہ واقعے کی تحققیات کی جارہی ہیں اور بچی کے والد نے اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دے دی ہے جس پر قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ انکا کہنا تھا کہ گولی بچی کی ٹانگ پر لگی جس کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔بچی کے زخمی ہونے پر آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ پولیس نے ڈولفن فورس کے اہلکار کو حراست میں لیکر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ بچی کے زخمی ہونے پر آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشن کو تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ڈولفن فورس کے اہلکار کے مطابق منشیات فروشوں اور اس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران اس کی چلائی ہوئی گولی اتفاقیہ طور پر راہگیر بچی کو لگ گئی ۔پولیس نے واقعہ کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ منشیات فروشوں کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے ۔

مزید : علاقائی