پی ایس ایل کا سحر بڑے ناموں پر طاری ،8کھلاڑیوں کا معاہدہ
اسلام آباد (آن لائن)دنیائے کرکٹ کے کئی بڑے ستاروں نے پاکستان سپر لیگ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی۔ انگلینڈ کے معین علی، اسٹیوفن،جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ سمیت دیگر کئی کرکٹرز پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا حصہ ہوں گے۔پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلئے دنیا کے بہترین کرکٹرز نے پی ایس ایل کھیلنے کیلئے پی سی بی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردیئے۔ نئے سائن کرنے والے کرکٹرز میں معین علی، سٹیو فن، جیسن رائے، جیمز اینڈرسن، وائن پارنل، اینٹن ڈیوچ اور اسٹورٹ براڈ نے پی ایس ایل کھیلنے کی تصدیق کردی ہے۔ اس سے قبل برینڈن مکلیم،آئن مورگن، کیرن پولارڈ، سنیل نرائن، ایلبی مورکل اور لاستھ مالنگا بھی پی ایس ایل سے معاہدہ کر چکے ہیں۔تمام کھلاڑی پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ اکتوبر میں دبئی میں ہو گی۔پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن پہلے ایڈیشن کی نسبت زیادہ رنگین اور پہلے سے بہتر ہو گا۔