جمہوری اداروں کو کمزور کرنیکی حمایت نہیں کریں گے :مولا بخش چانڈیو

جمہوری اداروں کو کمزور کرنیکی حمایت نہیں کریں گے :مولا بخش چانڈیو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خیرپور(نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مو لا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مفاہمت جمہوریت سے مربوط ہے جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کی پیپلز پارٹی نے کبھی حمایت نہیں کی ہے اور جمہوری روایات کے برعکس پارٹی نہیں چلی ہے ایم کیو ایم پاکستان کو ملک سے محبت ثابت کرنا ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپور جیم خانہ کلب میں پریس کلب خیرپور کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب کے بعد میڈٖیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو، راشد ربانی ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی، نواب خان وسان، ڈاکٹر مہرین بھٹو ، رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل، غزالہ سیال،سید جاوید علی شاہ جیلانی، سید امجد علی شاہ جیلانی، اعجاز بھگیو، لالا عبدالغفار شیخ، خیرپور بار کے صدر شفقت مہیسر، مظہر خان، لالا اسد پٹھان سمیت سیاسی ، سماجی رہنماؤں، ڈاکٹرز، وکلاء ، صحافیوں اور دیگربڑی تعداد میں موجود تھے۔ صوبائی مشیر اطلاعات مو لا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردرای ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عوام سے ملاقات کریں گے تو جمہوریت کے دشمنوں کی نیندیں حرام ہوجائیں گی پیپلز پارٹی وفاق، عوامی اور شہداء کی پارٹی ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے ویژن پر عمل درآمد کررہی ہے سندھ کی تقسیم میں بڑی رکاوٹ پاکستان پیپلز پارٹی ہے پیپلز پارٹی قیامت تک قائم رہے گی اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور ملک کے حکمران پاناما لیکس پر اپنی صفائی پیش نہیں کریں گے تو عوام سڑکوں پر نکلیں گے حکمرانوں اور وفاق کے کرتوت کی وجہ سے آج ملک میں حکومت مخالف تحریک چل رہی ہے حکمران فیملی کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے حکمرانوں کو ہر حال میں جواب دینا ہوگا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام اور آئین کی طاقت سب سے اعلیٰ ہے ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے پریس کلب خیرپور کی نو منتخب صدر خان محمد خان، اور دیگر کابینہ اراکین کو مبارکباد دی اور اپنے تعاون کو بھرپور یقین دلایا اس سے قبل سکھر کے سینئر صحافی لالا اسد پٹھان نے پریس کلب خیرپور کے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا ۔ دریں اثناء صوبائی مشیر اطلاعات سندھ مو لا بخش چانڈیو، صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو نے ہنگورجہ کا دورہ کیا اس موقع پر منگنیجا اتحاد کے صدر بدر الدین منگنیجونے اپنی برادری کے ساتھ مسلم لیگ چھوڑ کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ ہنگورجہ پریس کلب میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہنگورجہ شہر کی ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرکے ترقیاتی پیکج دلایا جائے گا پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے تمام شہروں میں ترقیاتی کام کرارہی ہے اور عوام کی خدمت ہی پیپلز پارٹی کا شیوہ ہے انہوں نے کہا کہ شہید وں کی قائدین کے فلسفے پر عمل درآمد جاری رہے گا ۔ اس موقع پر صوبائی مشیر اطلاعات مو لا بخش چانڈیونے ہنگورجہ پریس کلب کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔