عافیہ کی رہائی کیلئے پاسبان کی بھوک ہڑتال جاری

عافیہ کی رہائی کیلئے پاسبان کی بھوک ہڑتال جاری

حیدر آباد (بیورو رپورٹ )پاسبان سندھ کی جانب سے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید ناحق سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے حیدرآباد پریس کلب کے باہرقائم کیمپ میں چوتھے روز بھی بھوک ہڑتال جاری ہے ۔بھوک ہڑتالی کیمپ کے چوتھے روز پاسبان پاکستان کے مرکزی رہنما اور سندھ کے آرگنائزر رفیق احمد خاصخیلی، پاسبان ٹندو آدم کے رہنما سلیم چیمہ، شریف خاصخیلی و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے رفیق احمد خاصخیلی اور پاسبان ٹنڈوآدم کے صدر سلطان خاصخیلی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی تک جدوجہدجاری رہے گی ۔ پوری قوم وزیراعظم نواز شریف کو ان کا وعدہ یاد دلا رہی ہے ۔ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل میں گذرنے والے ہردن کی ذمہ دار سابقہ و موجودہ حکمران اور ریاستی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے عافیہ کو100 دن میں وطن واپس لانے کا اعلان کیا تھا لیکن ساڑھے تین سال گذرنے کے باوجود عافیہ اب تک امریکی قید ناحق میں ہے اور اس دوران وزیراعظم ، گورنر پنجاب اور چیف جسٹس آف سندھ کے بیٹے بازیاب ہوکر اپنے گھروں تک پہنچ گئے۔ حکمران اورپوری ریاستی مشینری طبقہ اشرافیہ کی خدمت میں لگی ہوئی ہے اور عوام کو لاوارث چھوڑ دیاگیا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر