چیئر مین ویلیج کونسل ثمر باغ فضل حیات کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

چیئر مین ویلیج کونسل ثمر باغ فضل حیات کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

جندول(نمائندہ پاکستان) چیئر مین پر کرپشن اور اقرباء پروری کے الزامات، ویلیج کونسل ثمر باغ کے نو میں سے چھ کونسلران نے چیئر مین ویلیج کونسل ثمر باغ فضل حیات کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کر دیا، گذشتہ روز وائس چیئر مین ویلیج کونسل ثمر باغ سلیم خان کی سربراہی میں بجٹ اجلاس منعقد ہوا تاہم بجٹ پر بحث شروع ہونے سے پہلے ہی تین جنرل کونسلران حاجی امیر نواز،اسرار الحق اور نصرالدین ،کسان کونسلرحاجی غلام اکبر یوتھ کونسلر کامران اور خواتین کی نشست پر منتخب ساجدہ بی بی نے اجلاس سے واک آوٹ کر دیا جس کی وجہ سے کورم مکمل نہ ہونے پر بجٹ ملتوی کیا گیا،بعد ازا میڈیاں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے واک آوٹ کرنے والے کونسلران نے الزامات عائد کئے کہ بلدیاتی نظام کے قیام سے لیکر اب تک انہیں کسی بھی اجلاس یا میٹنگ کیلئے طلب نہیں کیا گیا ،ویلیج کونسل کیلئے کی جانے والی خریداری اور ترقیاتی و دفتری اخراجات بھی کونسلران سے چھپائیں گئے اس کے ساتھ ساتھ چیئر مین نے یوتھ اور کسان کونسلران کے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے زرعی کھاد گندم اور کھیلوں کے سامان کو من مانے افراد میں بھانٹا اور متعلقہ کونسلران کو کانوں کان خبر تک نہ ہونے دی جبکہ زلزلہ زدگان کی رجسٹریشن سے لیکر سرکاری اور مختلف پراجیکٹس کے سامان کی تقسیم میں اقرباء پروری کی گئی، کونسلران نے ویلیج کونسل سیکرٹری دلشاد خان پر بھی چیئر مین کا دست راست ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جملہ کونسلران نے چیئر مین کے خلاف عدم اعتماد تحریری طور پر ویلیج کونسل سیکرٹری کو حوالہ کیا مگر انہوں نے تحریک عدم اعتماد کی کاپی لینے سے انکار کر دیا ، کونسلران کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی تحریک عدم اعتماد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں اور بہت جلد باقی دو کونسلران کو بھی عدم اعتماد کی تحریک میں شامل کر لینگے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر