معیشت میں کساد بازاری، سعودی کمپنیوں کی پاکستانی لیبر کو مفت ویزہ کی پیشکش
اسلام آباد (اے پی پی) سعودی عرب کی معیشت میں کسادبازاری کی وجہ سے سعودی کمپنیاں اپنی افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پاکستانی لیبر کو مفت ویزہ کی پیشکش کررہی ہیں جبکہ پاکستان میں کام کرنے والے ایجنٹس ویزہ اور کفالت فیس کے نام پر لوگوں سے بھاری رقوم بٹوررہے ہیں۔
اس وقت سعودی عرب کی تعمیرات کے شعبہ میں پاکستانی، بھارتی، بنگالی اور نیپالی ورکرز کی کثیر تعداد کام کررہی ہے اور معاشی کساد بازاری کی وجہ سے بعض کمپنیاں اپنے مزدوروں کو کئی ماہ سے تنخواہیں بھی ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
سمندر پار روزگار کے موقع فراہم کرنے والی ایک نجی کمپنی کے سربراہ مظہر سعید خان نے کہا ہے کہ چند سال قبل سعودی عرب کا ویزہ بڑا مہنگا ہوتا تھا اور لیبر کلاس طبقہ کو اپنی 6 تا 12 ماہ کی تنخواہوں کی مساوی ادائیگی کرنی پڑی تھی لیکن اب اقتصادی صورتحال کی ابتری کی وجہ سے سعودی کمپنیاں ورکرز کو مفت ویزہ کی سہولتوں کی پیشکش کررہی ہیں۔