این اے 120میں نظریہ پاکستان کا معرکہ سمجھ کر میدان میں اترے ہیں،سیف اللہ خالد

این اے 120میں نظریہ پاکستان کا معرکہ سمجھ کر میدان میں اترے ہیں،سیف اللہ خالد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد،امیدوار این اے120محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ ہم عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔پاکستان کو نظریاتی ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ ہم حلقہ این اے 120میں نظریہ پاکستان کا معرکہ سمجھ کر میدان میں اترے ہیں۔ 17ستمبر کواہل لاہور کے تعاون سے ضمنی انتخاب جیتیں گے۔ این اے 120کے رہائشی افراد کو بہت سے مسائل درپیش ہیں۔ ہم لوگوں کے مسائل کا حل ان شاء اللہ خدمت انسانیت کا فریضہ سمجھ کر کریں گے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحی کے اجتماعات اور بعد ازاں حلقہ این اے120کے وفود سے ملاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حلقہ این اے120سے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار محمد یعقوب شیخ نے اسلام پورہ میں نماز عید کی امامت کی۔اس موقع پر ہزاروں افراد نے انکی اقتدا میں نماز عید ادا کی۔نماز کی ادائیگی کے بعد محمد یعقوب شیخ شہریوں میں گھل مل گئے اور عید ملتے رہے۔اس دوران شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور انہیں سترہ ستمبر کو ووٹ دینے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ملی مسلم لیگ کی جانب سے عیدا لاضحی کے موقع پر این اے120کے علاقوں میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا۔عید کے موقع پرملی مسلم لیگ کے قائدین این اے120میں ہی رہے اور عوام کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لئے علاقوں میں گوشت تقسیم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ خدمت کے جذبے سے میدان سیاست میں آئی ہے۔ہمارا مقصد کرسی نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔مظلوموں کو ان کا حق دلا نا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم علامہ اقبال کے تصور کے مطابق پاکستان چاہتے ہیں۔ہمارے سیاست میں آنے سے لبرل ازم کا نعرہ لگانے والوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ہم نظریہ پاکستان کا دفاع کریں گے اور 73کے آئین کا بھی دفاع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ملک ہے لیکن اس میں آنے والے حکمرانوں نے دوقومی نظریہ سے انحراف کیا۔نصاب تعلیم سے نظریہ کو نکالا گیا ہم نظریہ پاکستان پر سیاست کریں گے اور اسی نعرے پر سب کو متحد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ این اے120میں بھر پور انتخابی مہم جاری ہے۔سترہ ستمبر ملی مسلم لیگ کی کامیابی کا دن ہے۔محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ این اے 120میں لوگوں کو صاف پانی میسر نہیں۔گندے پانی سے وبائی امراض پھیل رہی ہیں۔بجلی کی لوڈ شیڈنگ انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ہم عوام کے مسائل حل کریں گے اور انکی دہلیز پر سہولیات دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے30برس جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور ہمارے کارکنوں نے انہیں ووٹ دے کر وزارت عظمیٰ تک پہنچایا۔لیکن انہوں نے نصاب سے نظریہ پاکستا ن کو نکالا اور لبرل ازم کی آواز لگاتے ہوئے نظریہ کا مذاق اڑایا۔پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والی ماؤں بہنوں ،بزرگوں کی قربانیوں کے ساتھ تمسخر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بانی پاکستان قائد اعظم نے شہہ رگ کہا تھا ،کشمیریوں نے قیام پاکستان سے پچیس دن قبل الحاق پاکستان کا اعلان کیا تھا حکمرانوں نے کشمیر سے بھی پست قدمی کی۔انہوں نے کہا کہ ہم نظریہ پاکستان کو ختم ہوتے نہیں دیکھ سکتے کیونکہ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے۔ہم نظریہ پاکستان اور کشمیر سے بے وفائی کرنے والوں کو ووٹ دے کر کشمیریوں کا مزید قتل نہیں دیکھ سکتے ،انکو ووٹ دینا کشمیریوں کی قاتل بھارتی فوج کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔