قربانی کا مقصد ہی اللہ کی محبت کو دنیا کی تمام محبتوں پر غالب کرنا ہے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہدنے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر نیک خواہشات کیساتھ اہل وطن بالخصوص اہلیان لاہور کو دلی عید مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے اورقربانی کا مقصد ہی اللہ کی محبت کو دنیا کی تمام محبتوں پر غالب کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے چمڑا لمنڈی میں قائم الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے مرکزی کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی ایک مذہبی فریضہ ہے لیکن آج کے اس مادیت پرستی کے دور میں قربانی کا جذبہ دکھاوا بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ قربانی کا گوشت اور خون اللہ رب العزت کے پاس نہیں پہنچتا بلکہ ہمارا تقوا پہنچتا ہے۔ قربانی ابراہیم ؑ کی سنت ہے ، قربانی اللہ کی نشانیوں میں سے ایک بڑی نشانی ہے ، قربانی اطاعت ، سپردگی اور اللہ کی رضامیں راضی ہوجانے کا عمل ہے ۔لہٰذا قربانی کا گوشت زیادہ سے زیادہ مساکین ، غریبوں میں تقسیم کیا جانا چاہیے اور اللہ رب العزت کا قرب اور ثواب حصول مقصد ہو ۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ جماعت اسلامی لاہور الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاؤن سے لاہور میں سینکڑوں خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کر رہی ہے ۔اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور نے
خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان کا خدمت خلق کا جذبہ ہی انسانیت کے ساتھ محبت کا ترجمان ہے ۔