برما کے مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے پاکستان فوری اقدامات کرے،زاہد محمود قاسمی

برما کے مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے پاکستان فوری اقدامات کرے،زاہد محمود ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)برما کے مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے حکومت پاکستان فوری اقدامات کرے۔ او،آئی ،سی کا اجلاس بلاکر میانمار کی حکومت پر عالمی دباؤ بڑھایا جائے ۔ پاکستان ، سعودی عرب اوترکی کو میانمار کی حکومت سے واضح اور دو ٹوک بات کرنی چاہئے۔ برما میں انسانیت سوز مظالم پر عالمی دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ حکومت پاکستان برماکے سفیر کو طلب کرکے مسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کرے ۔پاکستان میں برما کے سفارتخانہ کو فوری طور پر بند کیا جائے اور سفارتی عملے کو احتجاجاً واپس بھیجا جائے۔ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر 8ستمبر کو ملک بھر میں برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف یوم احتجاج منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جامع مسجد گول میں عید الاضحٰی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ برماکے مسلمانوں کو جینے کا حق ملنا چاہئے۔پاکستان ،سعودی عرب اورترکی دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر برما کے مسئلہ کا مستقل حل نکالنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ برما، شام، عراق،فلسطین ،کشمیر کے مظلوم مسلمان بھائی امید بھری نظروں سے ہماری مدد کے منتظر ہیں۔ عالم اسلام کو امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنا نا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتیں سازش کے تحت مسلمانوں اور اسلامی دنیا پر حملہ آور ہیں ۔ امریکا کی نئی افغان پالیسی خطے میں دہشت گردی کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔ امریکہ کو پاکستان اور افغانستان کے حوالے سے پالیسی بدلنا ہوگی۔ امریکی پالیسیوں کی وجہ سے اسلامی دنیا اور یورپ دہشت گردی کا شکار ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی جارحانہ پالیسیاں دنیا کا امن تباہ کردیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان پر اپنی پالیسی مسلط کرنے کی بجائے دنیا میں امن کیلئے امریکہ کے جارحانہ عزائم کو روکیں۔ پاکستانی قوم اور پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے یہی وجہ ہے کہ عالمی دنیا نے دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا ہے ۔