عراق: پاور پلانٹ پر خودکش دھماکہ ، 7افراد ہلاک ، 12زخمی

عراق: پاور پلانٹ پر خودکش دھماکہ ، 7افراد ہلاک ، 12زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بغداد(این این آئی) عراقی دارالحکومت کے شمال میں واقع ایک پاور پلانٹ میں خود کش حملے میں 7 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق بغداد سے 62 میل شمال کی جانب واقع پاور پلانٹ میں تین حملہ آور داخل ہوئے جنہوں نے خود کش جیکٹس پہن رکھی تھیں اورجدید ہتھیاروں اور دستی بموں سے بھی لیس تھے۔ مقامی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عراقی سیکیورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس حملہ آورں نے پلانٹ کے اندر داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ خود کش حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ٗ دو حملہ آور سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔دھماکے کے نتیجے میں پاور پلانٹ کے ملازمین کیلئے قائم کی جانے والی عارضی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے تمام ملازمین کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے البتہ عراق میں شدت پسند تنظیم داعش حالیہ برسوں میں متعدد حملے کر چکی ہے۔ 2014 میں داعش نے عراق کے ایک تہائی علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا تاہم اب صرف دو علاقوں میں اس کا قبضہ باقی رہ گیا ۔

مزید :

عالمی منظر -