خیبرپی کے حکومت سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے 5 ارب روپے خرچ کر رہی ہے:سیکرٹری سیاحت
اسلام آباد (اے پی پی) خیبرپختونخوا کی حکومت صوبہ کے سیاحتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کیلئے 5 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے محکمہ سیاحت کے سیکرٹری محمد طارق نے بتایا کہ ان منصوبوں میں جھیل سیف الملوک، کالام اور شوگراں کو جانے والی سڑکوں کی تعمیر اور توسیع بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں ریسٹ ہاؤسز، ہوٹلوں اور پبلک پارکوں کی تزئین و آرائش اور فوڈ سٹریٹ، پھولوں کے بازاروں اور سٹریٹ لائٹوں پر 50 کروڑ سے زیادہ خرچ کئے جا رہے ہیں۔ اس منصوبہ سے خوبصورتی میں اضافہ اور علاقہ میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی حکومت نے بحرین کالام روڈ کی تعمیرنو کی بھی منظوری دی ہے۔ یہ منصوبہ ایک ارب 20 کروڑ روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔