ورلڈ الیون کی آمد پر 35کروڑ روپے خرچ ہونگے
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ورلڈ الیون کے دورے پر 35 کروڑ کے اخراجات آئیں گے‘جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں 14 رکنی ورلڈ الیون کی ٹیم تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کے لئے آئندہ ہفتے لاہور آئے گی۔پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان آزادی کپ کے تین ٹی 20 میچز12، 13 اور 15 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ا اور اب ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان پر اخراجات چھ گنا زیادہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان پر 35 کروڑ کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔زمبابوے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈی فلاور ورلڈ الیون کے کوچ کی حیثیت سے پاکستان آرہے ہیں۔ 49 سالہ فلاور کے چھوٹے بھائی گرانٹ فلاور پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہیں۔پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے ہونے والے اس دورے کا سارا بوجھ پی سی بی اٹھا رہا ہے۔35 کروڑ کے اخراجات میں زیادہ رقم کھلاڑیوں کی میچ فیس کی مد میں خرچ کے لئے رکھی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون میں سات ٹیسٹ ملکوں کے 14 کرکٹرز کو پاکستان آنے کے لئے پرکشش معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ سب سے مہنگے کھلاڑی جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی ہیں، جو ورلڈ الیون کے بھی کپتان مقرر کئے گئے ہیں۔پی سی بی کے اعلی حکام کے مطابق ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان بورڈ کے خزانے پر بوجھ نہیں بنے گا۔حکام کے خیال میں ’’آزادی کپ‘‘ کے نام سے ہونے والے تین ٹی 20 میچوں کی اسپانسر شپ کے ساتھ ٹی وی رائٹس اور گیٹ منی کی مد میں آنے والی رقم سے ہونے والی آمدنی اتنی ہوگی کہ ایک اچھا معاوضہ پی سی بی کو حاصل ہوگا۔پی سی بی حکام نے اس حوالے سے واضح جواب دینے کے بجائے اتنا کہا کہ آمدنی کی رقم کم از کم اتنی ہوگی کہ ورلڈ الیون کا دورہ گھاٹے کا سودا ہر گز نہیں ہوگا۔