’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ عیدمیلہ لوٹنے میں کامیاب،’’‘‘ناکام
لاہور(فلم رپورٹر)عید پر لاہور بھر کے سنیماؤں اور تھیٹرز میں نئے سٹیج ڈرامے اور فلموں کا آغاز ہوگیا ۔نمائش کے لئے دو پاکستانی فلمیں پیش کی گئیں جن میں ’’نا معلوم افراد ٹو‘‘اور ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘شامل ہیں۔اس کے علاوہ دو پشتو فلمیں’’جرم اور سزا‘‘اور’’ لمبے‘‘ بھی ریلیز کی گئیں۔ہدایتکار نبیل قریشی اپنی نئی فلم ’’نامعلوم افرادٹو‘‘ سے شائقین سینماء کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگئے۔ جبکہ فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ عید کا میلہ لوٹنے میں کامیاب ہوگئی۔ فلم ’’نامعلوم افرادٹو کی ٹیم کی گزشتہ دو فلموں کی باکس آفس پر زبردست کامیابی کے بعد شائقین کی جانب سے ’’نامعلوم افرادٹو‘‘ پر لگائی گئی امیدوں پر پانی پھرگیا۔ فلم کا پورا میوزک البم ریلیز کیا گیا تھا جبکہ فلم میں صرف دو گانے شامل کئے گئے جس میں ایک گانا آئٹم گرل صدف کنول پر فلمایا گیا جبکہ دوسرا گانا فلم کے تین مرکزی کرداروں جاوید شیخ، فہد مصطفی اور محسن عباس پر فلمایا گیاہے۔ آئٹم سانگ کو فلم کی کامیابی تصور کرنے کا عنصر فلم میں عیاں تھا لیکن موجودہ دور میں فلم آئٹم گرل کے آئٹم سانگ پر نہیں بلکہ معیاری سکرپٹ پر چلنے لگی ہے۔ دوسری طرف فلم میں صرف دو تھیٹر کے فنکاروں سلیم معراج اور نذر الحسن کی اداکاری کے سوا کوئی بھی فنکار اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے میں ناکام نظر آیا۔ جبکہ تینوں مرکزی کرداروں فہد مصطفی، جاوید شیخ اور محسن عباس نے اوور ایکٹنگ کی۔ ساؤتھ افریقہ کی بہترین لوکشن ہونے کے باوجود ہدایتکار نے اس لوکیشن کو ضائع کر دیا۔ فلم میں دونوں لڑکیوں عروہ حسین اور ہانیہ عامر کو صرف شوپیس کے طور پر استعمال کیا گیا۔فلم میں فحش مکالموں بے ہودہ الفاظ، ٹوائلٹ جوکس کا بہت زیادہ استعمال کیا گیا۔
فلم میں نا ڈائیلاگ ڈھنگ کے سننے کو ملے اور نا بہترین سکرین پلے دیکھنے میں آیا۔دوسری طرف ہدایتکار ندیم بیگ کی فلم ’’ پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ بہترین ڈائیلاگ، بہترین سکرین پلے، معیاری سکرپٹ کی وجہ سے کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ لاہور کے تھیٹروں کے سٹیج ڈراموں میں میگھا الحمراء نور جہاں آڈیٹوریم،ہما علی اور دیگر’’کڑیاں نیٹ ورک‘‘ ،ماہ نور ’’عید معشوقاں دی‘‘شالیمار تھیٹر،زارا اکبر اور خوشبو’’خیر یار دی‘‘ الفلاح تھیٹر ، ندا چوہدری اور ہنی شہزادی ’’بارہ مصالحے ‘‘محفل تھیٹر ، نرگس’’حسینہ انڈر ورلڈ‘‘ تماثیل تھیٹر ، شیبا رانی ’’رولے شیبا دے‘‘ الحمراء ہال ll، غزل راجہ’’مغرور لیلیٰ‘ ناز تھیٹر میں پرفارم کررہی ہیں ۔تھیٹر کی ٹاپ پرفارمرزنرگس،میگھااورماہ نور کے نئے ڈریسز اور ڈانس آئٹم تیارکئے ہیں ۔شالیمار تھیٹر کا’’عید معشوقاں دی‘‘،الحمراء نور جہاں آڈیٹوریم ’’کڑیاں نیٹ ورک‘‘اور تماثیل تھیٹر کا’’حسینہ انڈر ورلڈ ‘‘عیدپر کامیاب ترین ڈرامے قرار پائے۔ جبکہ دیگر ڈراموں کو بھی پذیرائی مل رہی ہے۔