8ستمبر کو اسلام آباد میں میانمار کے سفارت خانے کا گھیرا ؤ کریں گے : سراج الحق
لاہور (مانیٹرنگ ڈٰیسک ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ روہنگیا مسلمانوں پر برمی افواج کے مظالم ناقابل برداشت ہیں، تمام مسلم ممالک میانمار کے سفیروں کو ملک بدر کریں اور برمی حکومت پر عالمی دباؤ بڑھانے کے لئے کردار ادا کریں ، جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 8ستمبر کو اسلام آباد میں میانمار کے سفارت خانے کا گھیراؤ کرے گی جبکہ انہوں نے پاکستانی عوام سے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اپیل بھی کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو ٹیلی فون کیا۔ انہوں نے کہاکہ برما میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے۔ لاکھوں مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے۔برما میں چند دنوں میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید اور زخمی کر دیا گیاہے اور لاکھوں برمی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا ہے مگر امریکہ سمیت تمام عالمی قوتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم رکوانے کے لیے حکومت پاکستان فوری اقدامات کرے۔ سیکورٹی کونسل اور او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر برما حکومت پر عالمی دباؤ بڑھایا جائے۔میانمار کے سفیر کو بلا کر عوامی جذبات سے آگاہ کیا جائے اورمظلوم اراکانی مسلمانوں کو پناہ نہ دینے پر بنگلہ دیشی اور ہندوستانی حکومت کو بے نقاب کیا جائے۔
دوسری جانب لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہناتھا کہ وقت کے فرعون ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان نے امریکہ کا ساتھ نہ دیا تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر ٹرمپ نے اپنا رویہ نہ بدلا اور پاکستان کو دھمکیاں دینے سے باز نہ آیا تو امریکہ کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ اللہ نے جس کے غرور کو خاک میں ملانا ہوتا ہے ، اسے افغانستان کے پہاڑوں میں لے آتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ، فلسطین اور برما میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے۔ لاکھوں مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے۔برما میں چند دنوں میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید اور زخمی کر دیا گیاہے اور لاکھوں برمی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا ہے مگر امریکہ سمیت تمام عالمی قوتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا 11 ستمبر کو لاہور سے راولپنڈی تک احتساب مارچ ،کرپشن فری پاکستان تحریک کی کامیابی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا اور 6ستمبر کو ملک بھر میں جے آئی یوتھ کے لاکھوں نوجوان پاکستان کے تحفظ کا عہد کریں گے جبکہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے برمی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔