ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد /لاہور /کراچی /کوئٹہ /پشاور (این این آئی) چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ٗ عید کے اجتماعات کے دور ان ملک کی سلامتی ٗ ترقی ٗ خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ٗ اسلام آباد سمیت تمام شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ٗ مساجد اور عید گاہوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس کے جوان اور پرائیویٹ سکیورٹی گارڈتعینات کئے گئے تھے، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر سے چیکنگ کی جاتی رہی۔ تمام شہروں ، قصبوں اور دیہات کی مساجد ، امام بارگاہوں،عیدگاہوں اورکھلے مقامات پر عید کے اجتماعات ہوئے، لاکھوں فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے ،علما ئے کرام نے خطبات میں قربانی اور ایثار کی اہمیت کو اجاگر کیا،اس موقع پر ملک کی ترقی ،خوشحالی اور امن واستحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،سلام آباد میں نماز عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں وفاقی وزراء وزرا ، وزیراعظم کے مشیروں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان، اعلیٰ افسروں اور ہزاروں کی تعداد میں عوام نے عید کی نماز ادا کی۔پنجاب کے گورنر ملک رفیق رجوانہ نے گورنر ہاؤس لاہور اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جاتی امرا میں عید کی نماز ادا کی۔خیبرپختونخوا اور فاٹا میں دوسو سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔خیبرپختونخوا میں عید کا بڑا اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈ پشاور میں ہوا۔خیبرپختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے گورنر ہاؤس پشاور اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے آبائی شہر ضلع نوشہرہ میں عید کی نماز ادا کی۔بلوچستان میں سینکڑوں مساجد، پارکوں اور کھلی جگہوں میں عید کی نماز ادا کی گئی۔نماز عید کا مرکزی اجتماع عید گاہ طوغی روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔آزاد جموں و کشمیر میں عید کا مرکزی اجتماع مرکزی عید گاہ میں ہوا جہاں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے نماز عید ادا کی ۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے اپنے آبائی علاقے کوٹ مٹھی خان راولاکوٹ میں عید کی نماز ادا کی۔ اسلام آباد میں عید کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی اور رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے عیدالاضحیٰ فرائض کی ادائیگی میں گزاری ۔ تمام داخلی و خارجی راستوں پر لگائے گئے ناکوں پر بھی پولیس اور رینجرز کے جوان مستعد رہے شہر میں داخل ہونے والوں پر کڑی نظر رکھی گئی پولیس موبائلز ؂متحرک رہیں۔ پولیس افسروں نے مختلف ناکوں اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو چیک کیا اور ان سے عید ملی،پولیس کے افسروں اورجوانوں نے پولیس لائن میں نمازعید ادا کی۔
عید نماز

مزید :

صفحہ اول -