دو مختلف مقامات سے 2افراد کی نعشیں برآمد، مردہ خانہ میں منتقل
لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں دو مختلف مقامات سے 2افراد کی نعشیں برآمد، پولیس نے نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر دیں ۔تفصیلات کے مطابق عید کے دوسرے روز لوہاری کے علاقے گمٹی بازار کے ایک گھر میں ایک شخص کی کئی روز پرانی نعش برآمد ہوئی ۔ بتایا گیا ہے کہ 58سالہ حمید نے کرائے پر ایک کمرہ لے رکھا تھا جہاں سے بدبو آنے پر محلہ داروں نے پولیس کو بلوایا جس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر کئی روز پرانی لاش نکال کر مردہ خانہ میں منتقل کر دی ۔پولیس کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ آنے پر موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔ دریں اثناء بھاٹی گیٹ کے علاقے پرندہ مارکیٹ سے 25 سالہ نامعلوم نوجوان کی نعش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی ۔ جاں بحق ہونے والے کی جیب سے 180روپے برآمد ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی نشے کا عادی تھا اس کی موت نشے کی زیادتی کے سبب واقع ہوئی ہے ۔