یو بی جی کو ایف پی سی سی آئی کی کارکردگی پر فخر ہے :ایس ایم منیر
کراچی (اکنامک رپورٹر ) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں تین سال پہلے بزنس کمیونٹی کی جانب سے ٹھکرائے ہوئے اور فیڈریشن ممبران کے اعتماد کو دھوکہ دینے والے اپوزیشن میں موجودموقع پرست عناصر کو اب پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی قبول کرنے کو تیار نہیں ہے،یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی اور پانچوں ریجنل کمیٹیوں کے نمائندگان کوایف پی سی سی آئی کے عہدیداران کی کارکردگی پر فخر ہے اور آئندہ الیکشن کیلئے بھی ہمارا گروپ یکم اکتوبر سے ملک بھر کے دورے شروع کرکے بزنس کمیونٹی کو فیڈریشن کی موجودہ کارکردگی کے بارے میں آگاہ کریگا اور ان سے رائے حاصل کی جائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو بی جی پنجاب،کے پی کے،سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کے رہنماؤں کی کراچی آمد پریو بی جی سندھ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مرزااختیاربیگ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کے دوران کہی۔اس موقع پر سینیٹر الیاس احمدبلور،ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل،سینیٹرعبدالحسیب خان،یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز، سابق صدر فیڈیشن میاں محمدادریس ، عامرعطا باجوہ ،عبدالسمیع خان، ممتاز شیخ،فاروق خان اورمیزبان سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ غضنفربلور،حاجی افضل، زاہدشنواری،ملک منظورالحق، انجینئرداروخان،شوکت مسعود، ناصر الدین شیخ،زاہدشنواری،مرزاعبدالرحمان،میاں مجید، اشتیاق بیگ، طارق حلیم، مظہر اے ناصر،حنیف گوہر،شکیل احمد ڈھینگڑا،لال شاہ،منیرسلطان،احمدچنائے،ڈاکٹرشہزاد،عرفان سروانہ،وسیم وہرہ،محمدسلیم بکیا،نقی باڑی،نوراحمدخان،اکرام راجپوت، آتم پرکاش،رضوانہ شاہد، مریم چوہدری،عائشہ بیلا اور دیگرمہمان بھی موجود تھے۔تقریب میں یوبی جی کے رہنماؤں نے ایف پی سی سی آئی کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ہرزون اپنی اپنی زونل کمیٹیوں کی کارکردگی کاازسرنو جائزہ لیتے ہوئے مزید کام کرنے کے جذبے سے سرشار ممبران کو شامل کریگا اور اپنی اپنی کمیٹیوں میں ممبران کی تعداد میں اضافہ کریگا۔اس موقع پر تمام پانچوں زونل کمیٹیوں کے سربراہان سے کہا گیا کہ وہ مرکزی کورکمیٹی کیلئے دس دس نام بھیجیں تاکہ مرکزی کمیٹی میں زونزکو موثر نمائندگی مل سکے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ الیکشن کی بھرپور انداز میں تیاریاں کردی گئی ہیں ،یو بی جی میں تمام ممبران کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے اورہم جمہوری انداز میں ہرممبر کی رائے کا احترام کرتے ہیں،یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک سمیت گروپ کا ہرفردیکم اکتوبر سے مارکیٹوں، چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے دورے کریگااور دسمبرکے فیڈریشن الیکشن میں اپوزیشن گروپ ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکے گا۔ سینیٹر الیاس احمدبلور نے کہا کہ ہماراگروپ پہلے سے زیادہ منظم ہے اور ہم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے۔انہوں نے بتایا کہ پشاور چیمبر کے صدارتی الیکشن میں ہمارے امیدوارزاہد شنواری نے بلامقابلہ کامیابی حاصل کرلی ہے جو ملک بھر میں یو بی جی کے حامیوں کی کامیابی کی ابتداء ہے۔سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ تمام یو بی جی کی کمیٹیاں آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے فعال ہوجائیں۔فیڈریشن کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ فیڈریشن کی بہترین کارکردگی کے سبب آئندہ الیکشن میں بھی یو بی جی کے تمام امیدواروں کے مقابل برائے نام اپوزیشن گروپ کی ناکامی سے اپوزیشن کا ایف پی سی سی آئی میں سفرتمام ہوجائیگا۔گلزار فیروزبزنس کمیونٹی اپوزیشن کے مصنوعی اور جھوٹے نعروں سے متاثر نہیں ہوگی ،مفاد پرستوں اور لٹیروں کو30دسمبر کو اپنی حیثیت کا علم ہوجائے گا ۔بلوچستان کے رہنما فاروق خان نے بتایا کہ کوئٹہ ویمن چیمبر بھی یوبی جی میں شامل ہوگیا ہے اور اس طرح بلوچستان میں یو بی جی کی اکثریت ہوچکی ہے اور آئندہ فیڈریشن الیکشن کے بعد ایف پی سی سی آئی میں اپوزیشن گروپ کا نام ونشان بھی نہ رہے گا۔اختیار بیگ نے کہا کہ یو بی جی نے گزشتہ تین سال میں سندھ سے بھرپور کامیابی حاصل کی تھی اور اس سال بھی یو بی جی 100فیصد سیٹیں جیت لے گا۔