چکوال ،عید کے دوسرے روز کرکٹ میچ کے دوران تلخ کلامی ،دو نوجوان کھلاڑی قتل

چکوال ،عید کے دوسرے روز کرکٹ میچ کے دوران تلخ کلامی ،دو نوجوان کھلاڑی قتل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) قصبہ مکھیال تھانہ کلر کہار میں عید کے دوسرے روز کرکٹ کے میچ کے دوران تلخ کلامی پر دو نوجوان کھلاڑی قتل ہوگئے۔ محکمہ جنگلات کے بلاک افسر محمد فاروق کے بیٹے عمر فاروق کا ایک دوسرے لڑکے سمیع اللہ ولد غلام جیلانی کے ساتھ جھگڑا ہوا , 12سالہ سمیع اللہ نے پستول نکال کر دو فائر مار کر عمر فاروق کو موقع پر ڈھیر کر دیا۔ جونہی عمر فاروق کے والدین اور رشتہ داروں کو اطلاع ملی وہ فوراً موقع پر پہنچے اور انہوں نے سمیع اللہ کو قابوکر لیا اور گھر لے گئے اور تھوڑی دیر بعد کلاشنکوف کا فائر مار کر سمیع اللہ کو قتل کر کے اس کی لاش باہر پھینک دی۔ پولیس نے موقع پرپہنچ کر دونوں لاشوں کو اپنے قبضے میں لیا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد دونوں فریقین کیخلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی، عمر فاروق ٹیکنیکل کالج تھوہا بہادر کا طالب علم تھا جبکہ سمیع اللہ گورنمنٹ ہائی سکول بوچھال کلاں میں زیر تعلیم تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی پرانی خاندانی دشمنی بھی ہے۔ عمر فاروق کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں پیر کے روز دن گیارہ بجے سپرد خاک کیا گیا جبکہ سمیع اللہ کو تین بجے سہ پہر مکھیال میں ہی سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی تاہم کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔