گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے،پروفیسراکرم
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے اور یہاں پر کسی یونیورسٹی کیمپس کو کالج کی اراضی پر قبضہ کرنے نہیں دیں گے کسی نے کیمپس بنانا ہے تو کالج سے باہر جاکر اراضی حاصل کرے ، کالج کا موجودہ قدیمی تشخص کسی صورت بھی تبدیل نہیں کرنے دیا جائے گا ۔ یہ اعلامیہ پیر کے روز یہاں چکوالینز ( اولڈ بوائز ایسو سی ایشن) کے ایک بڑے اجتماع میں جاری کیا گیا۔ جو سابق پروفیسر سید اکرم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سیتھی آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے اس اجتماع میں سابق پروفیسرز اور سابق طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے روح رواں پروفیسر شاہد آزاد، پروفیسر ارشد محمود اور دیگر تھے۔ پروفیسر شاہد آزاد نے ملٹی میڈیا کے ذریعے کالج کی 17سالہ تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ کالج 1949میں راجہ سرفراز خان کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے قائم ہوا۔ شاہد آزاد نے کالج کے مختلف ادوار کے بارے میں بتایا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر افسر، طاہر سکندرمرید،اشرف آصف،پروفیسر ارشد محمود،ملک آفتاب خیرپوری، پروفیسر محمد خان ہستال، چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاد احمد، چکوال چیمبر آف کامرس کے بانی قاضی محمد اکبر، ملک محمد سعید ڈب، میاں تصور عباس، وائس پرنسپل گورنمنٹ کالج مقصود احمد شامل تھے۔ اس موقع پر سابق پروفیسرز میں گلزار احمد، عبدالقدیر اعوان،شفیق الرحمن، مسعود الرحمن، پروفیسر لیاقت کہوٹ، پروفیسر چوہدری لیاقت علی،عزیز منہاس،حاجی عبدالرزاق بھی موجود تھے۔ جبکہ الڈ سٹوڈنٹس میں راجہ محمد امجد،عتیق الرسول ایڈووکیٹ،چیئرمین دلہہ سردار عارف،پروفیسر ممتاز حسین، اظہا رقاضی،ممتاز الحق اور دیگر نمایاں تھے۔ مقررین نے اپنے مادر علمی کی ترقی اور خوشحالی کی دعا کی اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ وہ کالج کی ہیت تبدیل کیے بغیر اس کو یونیورسٹی کا درجہ دیں۔ کالج کے کیمپس کے اندر نئے منظور ہونے والے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بارے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اس کالج کو علیحدہ حیثیت دینے کی بجائے اسے کالج کا ہی خواتین بلاک بنایا جائے۔ اجتماع کے آخر میں متفقہ طور پر ایک 15رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جوچکوالینز کے آئین کے علاوہ آئندہ کے لائحہ عمل اور سال میں کم ا زکم دو بار عید الفطر اور عید الضحیٰ کے موقع پر سابق طلباء کے ہر سال کنونشن منعقد کرے گی۔