حافظ نعیم الرحمٰن کے الخدمت اجتماعی قربانی و مہم چرم کے مراکز کا دورہ

حافظ نعیم الرحمٰن کے الخدمت اجتماعی قربانی و مہم چرم کے مراکز کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عید الاضحیٰ کے پہلے دن جماعت اسلامی ضلع وسطی اورضلع شرقی کے زیر اہتمام اجتماعی قربانی کے الخدمت مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔کراچی میں سینکڑوں مقامات پر الخدمت اور جماعت اسلامی کے تحت اجتماعی قربانیاں کی گئیں اور کھالیں جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ جماعت اسلامی ضلع وسطی زون گلبرگ میں عید کے پہلے روز250سے زائد گائے اور160سے زائد بکرے ذبح کیے گئے جبکہ زون گلشن میں 80گائے اور 200سے زائد بکرے ذبح کیے گئے ۔ضلع غربی ، ضلع جنوبی اور ضلع بن قاسم میں 100سے زائد مقامات پر الخدمت کے تحت اجتماعی قربانی مراکز پر ہزاروں کی تعداد میں گائے اور بکرے ذبح کیے گئے جس میں لوگوں کی خدمت کے لیے شاندار انتظامات کیے گئے تھے جہاں لوگوں نے الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، امیر ضلع شرقی یونس بارائی ، قیم ضلع شرقی نعیم اختر ، قیم ضلع وسطی محمد یوسف ، امیر زون گلشن خضر باقی اور دیگر بھی موجود تھے ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں ایک بڑے پیمانے پر الخدمت اور جماعت اسلامی کے تحت اجتماعی قربانی کا سلسلہ جاری ہے اور ہر مرتبہ قربانی کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہتا ہے اس کے علاوہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ہمارے پاس اپنے قربانی کے جانور ذبح کروانے کے لیے لاتے ہیں اور یہاں ذبح کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کے شہریوں کا جماعت اسلامی اور الخدمت پر اعتماد ہے جو ہر سال بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانی میں حصہ لیتے ہیں اور کھالیں جمع کراتے ہیں ۔ شہری جانتے ہیں کہ واحد جماعت اسلامی اور الخدمت ادارہ ایسا ہے جس کے پاس ہر ایک چیز کا آڈٹ موجو د ہے اسی لیے شہری جماعت اسلامی پر ہی اعتماد کرتے ہیں اور عوام کے تعاون سے ہی کراچی میں لخدمت کے تحت چلائے جانے والے پروجیکٹس ٗ صحت ٗ تعلیم ٗ روزگار ٗ صاف پانی سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے اور لوگوں کے غم سمیٹنے اور ان میں خوشیاں باٹنے کے عمل میں مصروف ہیں ۔ الخدمت گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک و قوم کی خدمت کررہی ہے ، ملک میں آنے والی قدرتی آفات ہوں یا سیلاب کبھی بھی عوام کی خدمت میں پیچھے نہیں رہی اورسب سے پہلے اور آگے بڑھ کر متاثرین کی بحالی اور امداد میں شریک ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت بیرون ملک بھی خدمت کے کام کررہی ہے اور دنیا بھر میں اس کے کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ، عوام قربانی کی کھالیں دیانتداری سے خدمات انجام دینے والے ادارے الخدمت کو دے کر اس کے ہاتھ مضبوط کریں اور نیکی کے عمل میں اس کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتاہوں جنہوں نے امن کے فضا میں قربانی کی اور امید کرتا ہوں کہ بقیہ دو دن بھی امن کے ساتھ قربانی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں حالیہ بارش کے بعد سندھ حکومت کا مطمئن ہونا افسوس ناک ہے ، اگر پانی خود نکل جائے گا تو کروڑوں روپے کا بجٹ کس کام کے لیے حاصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی و بلدیا تی حکومت اور وفاق کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے سنجیدہ نہیں ہیں یہ صرف دولت لوٹنے میں صروف ہیں ۔ندی نالوں کی صفائی اور سیوریج کا نظام درہم برہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت اور جماعت اسلامی ممکنہ وسائل نہ ہونے کے باوجود کام کرسکتی ہے تو صوبائی و بلدیاتی حکومت وسائل ہونے کے باوجود کیوں نہیں کرسکتی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ صوبائی و بلدیاتی حکومت ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کے بجائے شہریوں کو ریلیف فراہم کریں ۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عید الضحیٰ کے دوسرے دن ضلع غربی اور ضلع جنوبی کے الخدمت اجتماعی قربانی و کھالوں کے مراکز کا دورہ کیا ۔اس دورے میں ان کے ساتھ سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی عبدالوہاب ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،ضلع غربی جماعت اسلامی کے رہنما خالد زمان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ وہ مختلف حلقہ جات گئے اور مہم چرم قر بانی اور اجتماعی قر بانی میں مصروف کارکنوں اور ذمہ داران سے ملاقاتیں کیں ۔حافظ نعیم الرحمن اورنگی ٹاؤن میں حلقہ صابری چوک گئے اور ناظم حلقہ اخلاق احمد ،رہنما جماعت اسلامی و سابق کونسلرخرم سے مہم کے بارے میں گفتگو کی جنہوں نے بتایا کہ کھالوں میں اضافہ ہوا ہے ۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے گائے بھی ذبح کی۔ انہوں نے حلقہ سلمان فارسی میں ناظم علاقہ مناظر حسین ،ناظم حلقہ جاوید حسین،سابق کونسلرجاوید مجاہد،حلقہ غازی آباد میں اورنگی زون کے نائب امیر جہانگیر عالم ،ناظم حلقہ نسیم احمد ،حلقہ اسلامیہ میں ناظم حلقہ آصف مبین اور دیگر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سرفراز احمد موجود تھے ۔اورنگی ٹاؤن کے ذمہ داران نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ پورے اورنگی میں کھالوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ،حافظ نعیم الرحمن نے کارکنوں کے جذبوں کو سلام پیش کیااورکہا کہ لوگوں کی خدمت کے کاموں میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت اورنگی ہسپتال علاقے کے لوگوں کی خدمت کی اعلی مثال ہے ۔جماعت اسلامی نے عبدالستا ر افغانی کے دور سے اہلیان اورنگی کی خدمت کا آغاز کیا او ر جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی لیئق احمد نے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھر پور کام کیا مگر ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی جواب دیں کہ انہوں نے علاقے کے لیے کیا کا م کیا ۔ کیونکہ آج ابلتے گٹر ،ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ان کی کارکردگی کا پول کھول رہی ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ اورنگی اور مختلف مقامات پر ہمارے کارکنوں نے اپنی مدد آپ کے جذے کے تحت آلائشیں اُٹھانے کا کام بھی کیا ہے لیکن بغیر وسائل کے ہم پورے شہر کو صاف نہیں کر سکتے ۔جن کے پاس اس کام کے لیے کروڑوں کے بجٹ ہیں وہ اپنی ذمہ داریاں کیوں نہیں ادا کر رہے ۔؟اختیارات کا ڈرامہ زیادہ عرصے نہیں چلے گا ۔علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن ضلع جنوبی میں دہلی کالونی ،چوہدری خلیق الزماں روڈ ،نزد پنجاب کالونی میں قائم اجتماعی قربانی اور مہم چرم قربانی کے مراکز بھی گئے ۔ اس موقع پر قیم ضلع جنوبی سفیان دلاور ،امیر زون علی حسین ،کنٹونمنٹ بورڈ کے کونسلر ذکر محنتی ،یونین کونسل کے چیئر مین حنیف ملا ،علاقے کی مشہور سیاسی و سماجی شخصیت لیاقت عبد اللہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ پورے شہر میں بڑے پیمانے پرالخدمت مراکز پراجتماعی قر بانی کا اہتمام کیا گیا ۔100سے زائد مراکز اجتماعی قر بانی کے قائم کیے گئے تھے جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو اجتماعی قربانی اور ذبیحہ کی سہولت فراہم کی گئی ۔حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد پر اہلِ کراچی کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں سے الخدمت کی کھالوں میں اضافہ ہو رہا ہے ،غریب عوام کی خدمت میں اضافہ ہو گا ۔انہوں نے شہر کی صفائی ستھرائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عید کے موقع پر پورے شہر میں آلائشیں ڈھیر کی شکل میں پڑی ہوئی ہیں ،کوئی چونے کا چھڑکاؤ نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی اسپرے کیا گیا ،کراچی کی بلدیاتی قیادت ناکام ہو گئی ہے ،شہری اذیت میں مبتلا ہیں ،بارش کے بعد کے مسائل تو تھے ہی لیکن سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں ،مگر اب گندگی ،آلائشیں اور کچرے کے ڈھیروں نے شہر کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے ،مئیر کراچی کو چاہیئے کہ جن ایم کیو ایم کے کارکنوں کو کے ایم سی میں بھرتی کیا گیا تھا ان سے کام لیا جائے ۔