ہمیں اپنی عبادت گاہوں میں محبت، برداشت کی بات کرنی چاہئے،پرویز الٰہی

        ہمیں اپنی عبادت گاہوں میں محبت، برداشت کی بات کرنی چاہئے،پرویز الٰہی

  

لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی عبادت گاہوں میں پیار، محبت، برداشت، تحمل، رواداری اور مذہبی یگانگت کی بات کرنی چاہئے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو اصلاح، محبت، اخوت اور یگانگت کا سبب بنائے، آمین۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں نئی مسجد کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر تمام اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کے لیڈر اور نمائندے بھی موجود تھے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قانون سازی عوامی مفاد میں باہمی تعاون کے ساتھ جاری ہے، سٹینڈنگ کمیٹیوں کی ورکنگ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ مزید نئی کمیٹیاں بھی بنا رہے ہیں جو عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں گی اور حکومت کو سفارشات دیں گی جس سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے، سیاسی نقطہ نظر سب کا اپنا اپنا ہے مگر ایوان میں سارے ارکان عوامی مفاد کیلئے اکٹھے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی دعوت دی تھی مگر وہ مصروفیات کی بنا پر نہیں آ سکے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں آپ تمام حضرات کو آج اللہ تعالیٰ کے اس گھر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعادت کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ ہم سب نے جس نیک نیتی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے اس گھر کیلئے سوچا تھا اس میں خالق کائنات نے ہمیں کامیاب فرمایا ہے، اللہ تعالیٰ ہماری یہ چھوٹی سی کاوش اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہم سب کو نماز پنج گانہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ 

پرویز الٰہی

مزید :

صفحہ آخر -