ڈاکٹر ماہا کے پوسٹ مارٹم کے لئے قبر کشائی کی درخواست مسترد

ڈاکٹر ماہا کے پوسٹ مارٹم کے لئے قبر کشائی کی درخواست مسترد

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مقامی عدالت نے ڈاکٹر ماہا کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لئے قبر کشائی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پولیس کو قبرکشائی کے لئے میرپورخاص کی ضلعی عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیاہے انوسٹی گیشن پولیس نے ڈاکٹر ماہا شاہ قتل کیس میں قبر کشائی کے لیئے میر پور خاص کی مقامی عدالت سے رابطہ کر لیا ہے۔جمعہ کوکراچی کی ڈسٹرکٹ عدالت جنوبی میں ڈاکٹر ماہا خودکشی کیس کی سماعت ہوئی، گزری تفتیشی پولیس نے ڈاکٹر ماہا کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لئے قبر کشائی کی درخواست کی۔ڈسٹرکٹ عدالت نے قبر کشائی کی درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹر ماہا کی تدفین میرپورخاص میں ہوئی ہے، ڈاکٹر ماہا کا مقام تدفین ضلعی عدالت جنوبی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔عدالت نے پولیس کو قبرکشائی کے لئے میرپورخاص کی ضلعی عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔دوسری جانب ایس پی انویسٹی گیشن جنوبی نے سیشن جج میرپورخاص کو بھی ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کے لیے خط لکھ دیاہے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرماہا شاہ کے موت کی تفتیش کے لئے قبر کشائی ضروری ہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق عدالتی حکم پر مجسٹریٹ کی نگرانی میں میڈیکو لیگل ڈپارٹمنٹ کی ٹیم قبر کشائی کرے گی۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ 18 اگست کو ڈاکٹر ماہا گولی سے زخمی ہوئیں،اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹر ماہا انتقال کرگئیں، جناح اسپتال کی میڈیکل رپورٹ ڈاکٹر عرفان نے غلط بنائی۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق گولی سر میں بائیں جانب سے لگی اور دائیں جانب سے باہر نکلی،ڈاکٹر عرفان،جنید خان اور وقاص رضوی کو شامل تفتیش کیا گیا ہے، ڈاکٹر ماہا کی موت کے حوالے سے اس کے والد نے سوال اٹھائے ہیں۔ ڈاکٹر ماہا کی قبر کشائی کے لیے تفتیشی ٹیم میرپورخاص روانہ ہوگئی ہے جہاں مجسٹریٹ کی موجودگی میں قبر کشائی کی جائے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -