تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں،جام اکرام
کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو اور سابقہ صوبائی وزیر سندھ جام سیف اللہ دھاریجو نے خان گڑھ میں قومی اسمبلی کے رکن اور مہر قبیلے کے سردار محمد بخش مہر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ضلع گھوٹکی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت کے نااہلی کی وجہ سے عام آدمی کا جینا محال ہوچکا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے بھر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور ضلع گھوٹکی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندہ حکومت کورونا وبا کے بعد بارش سے متاثرہ اضلاع کی بحالی کے لیے دن رات اپنی مدد آپ تحت کام کر رہی ہے، سندھ میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں لیکن وفاقی حکومت اس مشکل وقت میں عوام کی بحالی کے لیے کوئی کام نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں سے بیروزگاری کے خاتمے کے لئے حکومت سندھ ان علاقوں میں انڈسٹریل زونز قائم کررہی ہے جس کی اہک مثال لاڑکانہ انڈسٹریل زون کا قیام ہے جس سے علاقے میں غربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے رکن سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ مخالفین کی جھوٹی تنقید کی پرواہ نہیں،ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی سندہ میں کلین سوئیپ کرے گی جبکہ گھوٹکی ضلع میں بھی بھاری اکثریت سے سامنے آئے گی۔