افسران خو د فیلڈ میں نکالیں، بارشی پانی کی بروقت نکاسی، متاثرین کی مدد کریں: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کی جلد نکاسی کاحکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے،پانی کی نکاسی کے کام میں تساہل برداشت نہیں۔ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے،واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ بارشی پانی کے جلد نکاس میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔شہریوں کو مشکل کا سامنا نہیں ہوناچاہئے۔ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں۔واسا، انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے حکام فیلڈ میں موجود رہیں۔نکاسی آب مکمل ہونے تک کی رپورٹ ٹائم لائن کیساتھ وزیراعلی آفس بھجوائی جائے۔ عثمان بزدار نے پنجاب کے بعض شہرو ں میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اورامدادی کاموں کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے، انتظامیہ اورریسکیو1122 کو الرٹ کردیاہے اورمتعلقہ محکمے و ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے کاموں میں تساہل قبول نہیں۔دریں اثناء سردار عثمان بزدارنے انسداد ڈینگی کے لئے صوبہ بھر میں موثر مہم چلانے کا حکم دیدیا جبکہ وزیراعلی نے پولیو کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہارکیاہے اور کہاہے کہ انسداد ڈینگی اور انسداد پولیو کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ انتظامیہ کو بھی محترک ہونا ہو گا۔ کمشنر ز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی اور انسداد پولیو کے لئے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔ڈینگی سرویلنس پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ پہلے زیادہ توجہ کورونا پر تھی، اب کورونا کے ساتھ ڈینگی اور پولیو کا بھی موثر سدباب کرنا ہو گا۔ کورونا کی طرح انسداد ڈینگی و انسداد پولیو اقدامات کو خود مانیٹر کروں گا۔ متعلقہ افسران اور عملے کو دفتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نظر آنا چاہیے۔ بیڈپرفارمنس پر جواب طلبی کے ساتھ محکمانہ کارروائی بھی ہوگی۔انسداد ڈینگی اور انسداد پولیو کے ہر اقدام کا آڈٹ ہو گا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا،سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نے انسداد ڈینگی و انسداد پولیو کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں سکیورٹی فورسز پرحملے کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شہید لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد،شہید نائیک محمد عمران اور شہید سپاہی عثمان اختر کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیاہے۔
عثمان بزدار