وزیراعظم سے گورنر اور وزیراعلی سندھ کی ملاقات، کراچی سمیت صوبے بھر کی صورت حال پر عمران خان نے پیپلز پارٹی کی حکومت کو بڑی یقین دہانی کرادی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان سےگورنرسندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی مرادعلی شاہ نےملاقات کی ہے،وزیر اعظم
نے کراچی میں ہونے والے حالیہ نقصانات کے ازالے کے لیے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرا دی ہے
نجی ٹی وی کے مطابق گورنر ہاس میں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اسد عمر، صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی، وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی سمیت سندھ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے سمیت وفاق اور صوبے میں باہمی تعاون،ورکنگ ریلیشن شپ پرگفتگو کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے وزیراعظم کو کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔وزیراعظم کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر بریفنگ دی گئی۔
اس سےقبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کی صورتحال پر اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ،وفاقی وزراء شبلی فراز، اسد عمر، سید علی زیدی، آمین الحق، کورکمانڈر لیفٹینیٹ جنرل ہمایوں عزیز، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل فیض حمید،صوبائی وزراء سید غنی، ناصر شاہ اور سینئیر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیر اعظم کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کے کراچی پاکستان کا اہم ترین شہر اور معاشی حب ہے، اس کے مسائل کا حل باہمی اشتراک سے ممکن ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کے مجھے آج خوشی ہے کے تمام شراکت دار بشمول وفاقی حکومت، پاک فوج اور سندھ کی صوبائی حکومت آج کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے موجود ہیں۔وزیر اعظم نے کراچی میں ہونے والے حالیہ نقصانات کے ازالے کے لیے وفاق کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کیلئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کریں گے،کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کیلئے کوآرڈی نیشن ضروری ہے، شہر قائد کے مسائل کے حل کیلئے عملدرآمد کمیٹی بنائی ہے، تمام فیصلے صوبائی رابطہ عملدرآمد کمیٹی کے فورم پر ہوں گے،کراچی کے لوگوں نے مشکل وقت کا سامنا کیا، کراچی والوں کیلئے پینے کا پانی بڑا مسئلہ ہے، نالے، نکاسی آب، بے گھر افراد، سالڈویسٹ کے مسائل ہیں، شہر قائد میں ٹرانسپورٹ کے ساتھ سڑکوں کا بھی مسئلہ ہے، این ڈی ایم اے نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر رہی ہے، کراچی کی سڑکیں اور دیگر انفرا اسٹرکچر کا مسئلہ حل کرنا ضروری ہے، کراچی سرکلر ریلوے بھی مکمل کریں گے۔