متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور اسلامی ملک کا اسرائیل کے ساتھ معاہدہ، بڑی خبر آگئی

متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور اسلامی ملک کا اسرائیل کے ساتھ معاہدہ، بڑی خبر ...
متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور اسلامی ملک کا اسرائیل کے ساتھ معاہدہ، بڑی خبر آگئی

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات سمیت کئی عرب ممالک بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کر رہے ہیں اور اس قابض و غاصب ریاست کو باقاعدہ تسلیم کرنے کے راستے پر چل رہے ہیں اور اب مسلم اکثریتی ملک کوسوو (Cosovo) اور سربیا نے بھی سرکاری سطح پر اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے۔ دی گارڈین کے مطابق اسرائیل، سربیا اور کوسوو کے درمیان یہ معاہدہ امریکہ نے کرایا جس پر گزشتہ روز دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت سربیا اسرائیل میں واقع اپناسفارتخانہ بھی یروشلم میں منتقل کرے گا۔ 

رپورٹ کے مطابق کوسوو اور سربیا ایک دوسرے کے کٹڑ مخالف ملک تھے اور دو دہائیاں قبل دونوں ملکوں میں خوفناک جنگ بھی ہو چکی ہے تاہم اب یہ دونوں یورپی ملک بھی باہم معاشی تعلقات کو معمول پر لا رہے ہیں۔ اس معاہدے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ”سربیا پہلا یورپی ملک بن گیا ہے جو اپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کرے گا۔ میں سربیا کے صدر اور اپنے دوست کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا۔“رپورٹ کے مطابق کوسوو بھی یروشلم ہی میں اپنا سفارتخانہ قائم کرے گا اور جواب میں اسرائیل بھی کوسوو کو سرکاری طور پر بطور ملک تسلیم کرے گا۔ اس معاہدے سے قبل اسرائیل اور کوسوو دونوں ہی ایک دوسرے کو تسلیم نہیں کرتے تھے۔

 فلسطین کی طرف سے کوسوو اور سربیا کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور تعلقات قائم کرنے پر انتہائی سخت ردعمل آیا ہے۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل صائب اریکات کا کہنا ہے کہ سربیا اور کوسووصدر ٹرمپ کو آئندہ الیکشن میں جتوانے کے لیے یہ معاہدہ کر رہے ہیں۔صدر ٹرمپ دو ماہ بعد ہونے والا الیکشن جیتنے کے لیے اس طرح کے معاہدے کروا رہے ہیں اور ان معاہدوں میں نشانہ فلسطین بن رہا ہے۔صدر ٹرمپ الیکشن جیتنے کے لیے ہر ممکن حد تک جا رہے ہیں خواہ وہ دنیا کے امن کے لیے کتنی ہی خطرناک کیوں نہ ہو۔“

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکہ ہی نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ایسا ہی معاہدہ کرایا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات قائم ہو گئے اور اب اسرائیل سے متحدہ عرب امارات کے لیے براہ راست پروازیں بھی شروع ہونے جا رہی ہیں جو سعودی عرب کی فضائی حدود سے گزر کر امارات پہنچیں گی۔

مزید :

برطانیہ -