حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال،بلاول بھٹو زرداری نے سپیکر قومی اسمبلی سے بڑا مطالبہ کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیاہےکہ حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر قومی اسمبلی کا اجلاس موخر کیا جائے کیونکہ اراکین اسمبلی اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں بارش سے متاثرہ افراد کی خدمت میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت منتخب عوامی نمائندوں کی موجودگی کی سب سے زیادہ ضرورت متاثرین برسات کے درمیان ہے،اراکین اسمبلی اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں بارش سے متاثرہ افراد کی خدمت میں مصروف ہیں لہذا قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مجموعی قومی مفاد میں ہونے والی کسی بھی قانون سازی کی مخالف نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں حکومت اور اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کا مقصد متاثرین برسات کی دادرسی ہونی چاہیے۔ رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اجلاس موخر کرنے کے سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی کو بھی استدعا کی ہے۔
دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ بارش سے متاثرہ ضلع غربی کا دورہ کیا ،اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنان نے پارٹی چیئرمین کا والہانہ استقبال کیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سابق صدر آصف علی زرداری کی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے،سابق صدر آصف زرداری نے 2010 اور 2011 قدرتی آفات کے دوران متاثرین کی امداد کو یقینی بنایا،سابق صدر آصف زرداری کی زیرقیادت حکومت نے وطن کارڈ اور پاکستان کارڈ کے ذریعے متاثرین کی بلاتفریق امداد کی