سندھ حکومت ناکامی کےتمام ریکارڈ توڑ چکی،تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور ن لیگ عالمی دباؤکا شکار اورایک امریکی پرچم تلے جمع ہیں:سینیٹر  سراج الحق

سندھ حکومت ناکامی کےتمام ریکارڈ توڑ چکی،تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور ن لیگ ...
سندھ حکومت ناکامی کےتمام ریکارڈ توڑ چکی،تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور ن لیگ عالمی دباؤکا شکار اورایک امریکی پرچم تلے جمع ہیں:سینیٹر  سراج الحق

  

حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن عالمی دباؤکا شکار اورایک امریکی پرچم تلے جمع ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط کا معاملہ آیا تو ہم نے اسمبلی میں اس کی مخالفت کی لیکن اپوزیشن کی ان دونوں بڑی جماعتوں نے حکومت کاساتھ دیا،نیب اب خود قابل احتساب ادارہ بن چکا،کرپشن فری پاکستان کے لیے حقیقی احتساب ناگزیر،عاصم سلیم باوجود کو عدالت میں جاکر اپنی صفائی پیش کرنا چاہئے،سندھ حکومت ناکامی کےتمام ریکارڈ توڑ چکی،حالیہ بارشوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے،نہ وزیر اعظم عوام کی داد رسی کے لیے آئے اور نہ ہی صوبائی حکومت نے فوٹو سیشن سے آگے بڑھ کر کوئی کام کیا،صوبائی اور وفاقی حکومتیں ایک دوسروں پر الزام تراشی کے بجائے سندھ کے عوام کی خدمت کریں۔

تفصیلات کے مطابق مرکز تبلیغ اسلامی شاہ مکی روڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے سندھ میں پچاس فیصد سے زائد فصلیں تباہ ہوگئیں، 12،12گھنٹے بجلی نہیں ہے، سیوریج اور ڈرینج کا نظام تباہ ہوگیا لوگ مدد کے لیے پکار رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری بھی کراچی سے باہر نہیں نکل رہے،صوبائی اور وفاقی حکومتیں ایک دوسروں پر الزام تراشی کے بجائے سندھ کے عوام کی خدمت کریں۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے 20اضلا ع کو آفت زدہ قرار دیا،ان کے اعداد وشمار کے مطابق101افرادہلاک ہوئے جبکہ اصل تعداد اس سے زیادہ ہے ،پچاس فیصد سے زائد چاول، پیاز، دھنیا، سمیت دیگرفصلیں تباہ ہوگئیں،بارش اچانک نہیں ہوتی محکمہ موسمیات اس کی پیشگوئی کرتا ہےلیکن بارش کی اطلاعات کے باوجود وفاقی وصوبائی حکومتیں ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی رہیں، آج بھی مصیبت میں پھنسے لوگ ڈھونڈ رہے ہیں کہ حکومت کہاں ہے؟ وفاقی وصوبائی حکومت کا مصبیت کی اس گھڑی میں سندھ کے عوام کے ساتھ رویہ ناقابل برداشت ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضا کارریلیف کاموں میں سب سے آگے ہیں ،جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی،

انہوں نے کہا کہ سندھ کے دوسرے بڑے اور ماضی کا بہترین صنعتی زون حیدرآبادکی حالت پر دیکھ کر دل خون کے آنسوروتا ہے، حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں تاحال برساتی پانی کھڑا ہے یہاں لوگوں کو وہ پانی پینے کو دیاجارہاہے اس میں سیوریج سسٹم خراب ہونے کے باعث گٹر کا بدبو دار پانی کی آمیزش ہے، یہ صورتحال کورونا سے زیادہ خطرناک ہے، حیدرآباد میں ایک شرمناک صورتحال یہ ہے کہ بجلی کا ٹرانسفارمر جل جائے تو ٹھیک کرانے کے لیے پیسے عوام سے لیے جاتے ہیں، لوگ مساجد میں چندہ جمع کرکے ٹرانسفارمر کے لیے حیسکو کو دیتے ہیں، وفاقی حکومت کہاں ہے?ہم حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ یہ مصیبت کی گھڑی ہے، لڑنے کا وقت نہیں، لوگ مسائل کا حل چاہتے ہیں، وزیر اعظم کو بہت پہلے سندھ آنا چاہیے تھا لیکن ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی وفاق اور صوبہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالتا رہا۔

انہوں نے کہاکہ نیب اب خود قابل احتساب ادارہ بن چکا ہے، ہم سب کا بلاتفریق احتساب چاہتے ہیں،کرپشن فری پاکستان کے لیے حقیقی احتساب ناگزیر ہے۔بلدیاتی الیکشن نہ کرانا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہوگا،عاصم سلیم باوجود کو عدالت میں جاکر اپنی صفائی پیش کرنا چاہئےتھی۔

مزید :

علاقائی -سندھ -حیدرآباد -