الرجی کی زیادہ گولیاں کھانے کا ٹک ٹاک چیلنج ، 15 سالہ لڑکی نے یہ چیلنج پورا کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ کیا ہوا؟
اوکلا ہوما سٹی (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ میں 15 سالہ لڑکی الرجی کی زیادہ گولیاں کھانے کا ٹک ٹاک چیلنج پورا کرنے کے چکر میں اپنی جان ہی گنوا بیٹھی۔
ریاست اوکلاہوما سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ کلوئی فلپس نے ٹک ٹاک ویڈیو چیلنج پورا کرنے کیلئے الرجی کی زیادہ گولیاں کھالیں جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔ ہلاک لڑکی کے اہلخانہ نے دوسرے خاندانوں کو خبردار کیا ہے اور اپنے بچوں پر نظر رکھنے کی اپیل کی ہے۔
کلوئی کی خالہ جینیٹ سیسی لیزر نے ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں بصورت دیگر اس ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن کا استعمال آپ کے پیاروں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔ " میں یہ نہیں دیکھنا چاہوں گی کہ جس کرب سے ہم گزرے ہیں وہی پہاڑ کسی اور خاندان کے اوپر ٹوٹے۔"
جینیٹ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بچے تو بچے ہی ہوتے ہیں وہ دوسرے شخص کو جو کرتا ہوا دیکھتے ہیں اسی کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ہمیں انہیں یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ان کے لیے صحیح کیا اور غلط کیا ہے۔