پاک فوج نے دشمن کی بزدلی کا ہمیشہ دندان شکن جواب دیا ،یوم دفاع کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں:فواد رسول بھلر

پاک فوج نے دشمن کی بزدلی کا ہمیشہ دندان شکن جواب دیا ،یوم دفاع کے موقع پر ...
پاک فوج نے دشمن کی بزدلی کا ہمیشہ دندان شکن جواب دیا ،یوم دفاع کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں:فواد رسول بھلر

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)انصاف ویلفئیر ونگ پاکستان  کے مرکزی رہنما چوہدری فواد رسول بھلرنےکہاہےکہ دشمن نے پاکستان کے خلاف جب بھی بزدلی اور جارحیت کامظاہرہ کیا،ہماری بہادر افواج نے اسے دندان شکن جواب دیا ہے،یوم دفاع ہمارے قومی اتحاد اور یکجہتی کا بہترین عکاس ہے،آج کے روز پوری قوم اپنے شہیدوں اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔

نجی ٹی وی سےگفتگو کرتےہوئے چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا کہ افواج پاکستان کی دلیری،شجاعت ،بہادری اور بہترین مہارت کو پوری دنیامیں تسلیم کیا جاتا ہے،پاک فوج کی موجودگی میں پاکستان میں پائیدار امن کومیلی آنکھ سے دیکھنے والا دشمن کبھی اپنے مذموم منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے،ہم اپنے تمام ہمسایوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں،یوم دفاع کے موقع پر پوری قوم اپنے ان کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے جنہیں بھارت کی درندہ صفت فوج ناحق قتل کر رہی اور ان کے گھروں کو جلایا جا رہا ہے،مقبوضہ وادی میں دنیا بھر کےمسلمانوں کیلئے قیامت صغریٰ کادلخراش منظرہے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جنت نظیر کشمیرکے مکینوں اور یتیموں کی آہوں کاشورعالمی ضمیر کے کانوں تک کیوں نہیں پہنچتا؟۔انہوں نے کہا کہ  اگر عالمی برادری نے تنازعہ کشمیر کے حوالہ سے اپنی سرد مہری کا رویہ ترک نہ کیا اور اور بھارت کو مجبور کر کے ستر سال پرانا مسئلہ حل نہ کرایا تو اس خطہ کو جنگ کی ہولناکیوں سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -