2 بچوں کی ماں کو مبینہ زیادتی کے بعد آگ لگا کر نہر میں پھینک دیا گیا
شیخوپورہ(ڈیلی پاکستان آن لائن ) شریف پارک کی رہائشی دو بچوں کی ما ں کو مبینہ زیادتی کے بعدآگ لگا دینے کا افسوسناک واقعہ سامنے آگیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتا کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوزکے مطابق ملز م نے آگ لگانے کے بعد رات کی تاریکی میں متاثرہ خاتون کو نہر میں پھینک دیا تھا۔متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون شریف پارک کی رہائشی ہے جس نے آج سے پانچ سال قبل عامر نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی جو کہ روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہے ، گزشتہ رات متاثرہ خاتون کی نند کا خاوند اسے کھانا کھلانے کے بہانے گھر سے باہرلے کر گیا جہاں خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگائی اور نہر میں پھینک دیا جس کے بعد متاثرہ خاتون کی چیخ و پکار سن کر مقامی افراد جمع ہوئے اور انہوں نے خاتون کو نہر سے نکالا ۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقامی افراد کی اطلاع پر ویمن ہراسمنٹ اور اینٹی وائلنس سیل نے خاتون کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال (ڈی ایچ کیو ) شیخوپورہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے بتا یا کہ خاتون کے جسم کا 40فیصد سے زائد حصہ جھلس چکا ہے، جس کے بعد فوری طور پر خاتون کو میو ہستپال لاہور منتقل کیا گیا۔
پولیس نے اس شبہ کا بھی اظہار کیا کہ شاید اس واقعے میں اور بھی ملزمان شامل ہوں جنہوں نے ملزم کی مدد کی ہو لیکن تشدد کی وجہ سے خاتون کا ہونٹ بھی کٹ چکا ہے اور تاحال وہ بولنے سے قاصر ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ فیکٹر ی ایریا میں پولیس کی مدعیت میں ہی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ملزم کوگرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔