آئی جی نے پولیس شہداء کے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے 95لاکھ ادا کر دیئے
لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی شہداء پولیس کے اہل خانہ کے گھروں کی تعمیر کا کام تکمیل کی جانب گامزن ہے اور تعمیراتی اخراجات کی ادائیگی بلا تعطل جاری ہے جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 15 شہداء کے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کے لئے 95 لاکھ روپے ادا کر دئیے۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 07 شہداء پولیس کی فیملیز کو تعمیراتی اخراجات (05 لاکھ روپے) کی آخری قسط ادا کر دی،قبل ازیں ان فیملیز کو 20 لاکھ روپے فی کس اقساط کی صورت ادا کردئیے گئے ہیں۔ تعمیراتی کام کیلئے04 فیملیز کو ڈبل قسط 10 لاکھ روپے فی کس اور 04 فیملیز کو 05 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے ویلفیئر فنڈ سے اب تک 23 فیملیز کو 03 کروڑ 80 لاکھ روپے گھروں کی تعمیر کیلئے فراہم کر چکی ہے، تعمیر کا باقی کام متعلقہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا، آئی جی پنجاب نے کہاکہ 2017ء سے قبل کے تمام شہدا پولیس کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا مشن تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، عنقریب یہ مشن پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔