عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر احتجاج کرینگے: عمران خان
راولپنڈی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدلیہ واحد ادارہ ہے جس سے امید ہے تاہم یہ اب سپریم کورٹ پر حملہ کر رہے ہیں تاہم واضح کردوں کہ عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ عمران خان نے 190 ملین کیس کی سماعت کے دوران اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کو تباہ کرنے کے لیے دشمن کے حملے کی ضرورت نہیں ہوتی، اداروں پر کرپٹ اور نااہل لوگ بٹھا دیے جائیں تو قوم تباہ ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جن کو 20 سیٹیں نہیں ملیں انہیں جعلی مینڈیٹ دیکر بٹھا دیا گیا، کرپٹ لوگوں کو مسلط کرکے ملک کا بیڑا غرق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش سے وائٹ واش ہوگئی اس سے بری اور شکست کیا ہوگی، ایسا کون سا ایٹم بم پھٹ گیا کہ 3 سال میں ہماری کرکٹ بنگلہ دیش سے نیچے اور تباہ ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک ٹیکنیکل کھیل ہے لیکن اس پر آپ نے سفارشی بٹھا دیے، محسن نقوی کی کیا قابلیت ہے۔ رمیز راجہ میرا رشتہ دار نہیں تھا بلکہ ایک پروفیشنل کرکٹر تھا جسے میں نے چیئرمین پی سی بی بنایا۔عمران خان نے کہا کہ اب بڑے صاحب نے اپنا چیئرمین پی سی بی رکھ لیا جو کرپٹ اور فراڈیا ہے، اس نے الیکشن کا فراڈ کیا، گندم کا فراڈ کیا اور اسے وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی بڑے صاحب نے اپوائنٹ کیا جس نے کرکٹ کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ادارہ سب کا ہے صرف آرمی چیف کا نہیں، پوری قوم کے لیے اہم ہے کہ ادارہ مضبوط ہو، جو کام دشمن نہیں کرسکا وہ یہ خود کرکے ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے اڑھائی ماہ سے نیب ترامیم اپیل کا فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے، انتظار کیا جا رہا ہے کہ مجھے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا ہو تو وہ فیصلہ سنائیں۔انہوں نے کہاکہ پوری گیم کھیلی جا رہی ہے، نئی ترامیم اپیل کے باعث شہباز شریف کے 4 نواز شریف کے 5 جب کہ آصف زرداری اور اس کے فرنٹ مینوں کے 9 ریفرنس فریز ہوئے پڑے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر القادر یونیورسٹی بند ہوگئی تو میرا کوئی نقصان نہیں ہوگا بلکہ طلبہ کا نقصان ہوگا، نمل یونیورسٹی میں 90 فیصد طلبہ مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں، بر صغیر میں تعلیم میں ہم پہلے ہی سب سے پیچھے رہ گئے ہیں۔
عمران خان