پرویز الٰہی،بیٹے کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر سیکرٹری داخلہ کو نوٹس
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی، ان کے بیٹے اور بہو کا نام ای سی ایل سے خارج نہ کرنے کیخلاف درخواست پر وفاقی سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کیخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی، پرویز الٰہی، راسخ الہیٰ اور زارا الٰہی نے توہین عدالت کی الگ الگ درخواستیں دائر کیں جس میں نشاندہی کی گئی کہ وزارت داخلہ نے درخواست گزاروں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے. اس پر سیکرٹری داخلہ کو نام خارج کرانے کیلئے درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی جس پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا، لاہور ہائیکورٹ نے 8 جولائی کو سیکرٹری داخلہ کو نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا لیکن عدالتی حکم کے باوجود سیکرٹری داخلہ نے نام ای سی ایل سے خارج نہیں کیا
، درخواست میں استدعا کی گئی کہ سیکرٹری داخلہ خرم آغا کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
سیکرٹری داخلہ نوٹس