بھارت میں ایمبو لینس کے ڈرائیور نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، مزاحمت کرنے پر بیمار شوہر کو گاڑی سے دھکا دے کر مارڈالا
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک خاتون اپنے بیمار شوہر اور بھائی کے ساتھ ایمبولینس میں جا رہی تھی کہ ایمبولینس کے ڈرائیور نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ اس دوران ڈرائیور کے ساتھی نے متاثرہ خاتون کے بھائی کو ڈرائیور کے کیبن میں یرغمال بنائے رکھا۔
بھارتی میڈیا نے خاتون کے حوالے سے الزام عائد کیا کہ ایمبولینس ڈرائیور نے ان کے شوہر کا آکسیجن بھی بند کر دیا جس سے ان کی موت واقع ہو گئی، ڈرائیور نے خاتون سے نقدی اور دیگر سامان بھی لوٹ لیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر لکھنو کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھا تاہم علاج کے لیے مزید رقم نہ ہونے کے باعث اس نے شوہر کو ہسپتال سے ڈسچارج کر کے گھر لے جانے کا فیصلہ کیا جس کے لیے اس نے ایک پرائیویٹ ایمبولینس ہائر کی۔
خاتون نے الزام لگایا کہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے کہا کہ آپ اگلی سیٹ پر بیٹھ جائیں تاکہ کوئی پولیس والا تنگ نہ کرے لیکن دونوں نے منع کرنے کے بعد تنگ کرنا شروع کر دیا، میں نے بہت منع کیا تاہم دونوں اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے، جب میرے بیمار شوہر نے صورتحال کو بھانپا تو انہوں نے اور میرے بھائی نے شور مچایا جس پر ڈرائیور نے شوہر کا آکسیجن بند کر دیا اور انہیں گاڑی روک کر پھینک دیا جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔