بھارت اور سری لنکا آج فائنل میں مدمقابل ہو نگے

بھارت اور سری لنکا آج فائنل میں مدمقابل ہو نگے

ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کا فائنل آج بھارت اور سری لنکا کے درمیان شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلا جائے گا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے شروع ہوگا۔سری لنکا اور بھارت کے درمیان ہونیوالے باہمی ٹی ٹونٹی مقابلوں میں بھارت کا پلڑا بھاری ہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 5 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے3 ٓمیں بھارت اور دو میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ہے ۔آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی مقابلوں کا آغاز 2007-08 میں ہوا، جنوبی افریقا میں کھیلے گئے افتتاحی ایڈیشن میں بھارت نے پاکستان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا، 2009 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے دوسرے ایڈیشن میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ 2010 میں ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے تیسرے ایڈیشن میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی اور ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ 2012 میں سری لنکا میں کھیلے گئے چوتھے ورلڈ ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو ہرا کر میگا ایونٹ اپنے نام کیا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے قائد اور مایہ ناز بلے باز مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم میں فائٹنگ سپرٹ موجود ہے، ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ فائنل جیتنے کیلئے کھلاڑیوں کو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں اور فائنل کا سوچ کر پریشر نہ لیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی قائد نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو سنگاکارا اور جے وردھنے جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں اور اسے فائنل میں زیر کرنا چیلنجنگ ضرور ہے تاہم مشکل نہیں اور کھلاڑی ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری توجہ انفرادی ریکارڈ پر نہیں بلکہ ٹیم کی جیت زیادہ اہمیت رکھتی ہے اسلئے فائنل میں مربوط حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ سری لنکا کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان اور سٹار فاسٹ باؤلر لاستھ ملنگا نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ جیت کر کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کو الوداعی تحفہ پیش کریں گے، بھارتی ٹیم خطرناک حریف ہے فائنل میں اسے زیر کرنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملنگا نے کہا کہ پریکٹس میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر پریشان نہیں، پریکٹس میچ اور ٹورنامنٹ کھیلنے میں بہت فرق ہوتا ہے، ٹیم نے ایشیا کپ ٹائٹل بھی جیتا تھا اسلئے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی فائنل میں بھارتی چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی