بجٹ سازی سے قبل الیکٹرونکس گڈز کے تاجروں سے بھی مشاور ت کی جائے: جنرل سیکرٹری پی سی ایف اے
لاہور( وقائع نگار) پاک چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سردار اظہر سلطان نے کہا ہے کہ الیکٹرونکس گڈز کی امپورٹ کے حوالے سے بجٹ سازی سے قبل الیکٹرونکس گڈز کے کاروبار سے وابستہ تاجروں سے ضرور مشاورت کی جائے۔ حکومت الیکٹرونکس گڈز پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرے ،تاکہ لوگوں کا روزگار چل سکے ۔ الیکٹرونکس گڈز کے کاروبار سے وابستہ تاجروں اور امپورٹرز کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے ، مہنگائی ،بیروزگاری ،دہشت گردی اور روپے کی کم قدری کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو ئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں سے آئے ہوئے امپورٹرز نمائندوں سے ہونے والی اہم میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاجر برادری ملک کی ترقی اور اسکے محاصل اور ٹیکسوں کی ریکوری میں اضافہ چاہتی ہے تاکہ پاکستان ترقی کی شاہراہوں پر گامزن ہو سکے۔ مگرٹیکس سسٹم اور غیر منصفانہ ٹیکسوں کی وجہ سے ٹیکس حکومتی خزانہ میں جانے کی بجائے اربوں روپے مافیا کی تجوریوں میں جا رہے ہیں ۔