بھارتی انتخابات سیاسی گہما گہمی میں ٹھمکے لگانے بالی وڈ سٹارز بھی کود پڑے

بھارتی انتخابات سیاسی گہما گہمی میں ٹھمکے لگانے بالی وڈ سٹارز بھی کود پڑے ...

          ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی انتخابی موسم جوبن پر ہے جس میں پردہ سکرین پر جوبن دکھانے والے کئی چہرے بھی چاہے جانے کی خواہش لئے میدان میں نکلے ہیں۔ ان میں سے سے زیادہ تر بھارتیہ جنتا پارٹی ، دوسرے نمبر پر کانگریس اور تیسرے نمبر پر عام آدمی پارٹی یا پھر اپنی پارٹی کے امیدوار ہیں۔ سکرین پر چاہے جانے والے یہ سٹار ووٹروں کے دلوں میں بھی جگہ بنا پاتے ہیں یا نہیں یہ چند روز میں ثابت ہوجائے گا لیکن اصل معرکہ ان ووٹروں اور سکرین کے شائقین میں ہوگا جہاں اداکار ہی اداکار کے مقابلے پر ہیں۔بھارتی سیاست کے میدان پر چمکنے والے ان ستاروں کی فہرست ایک ویب سائٹ نے جاری کردی ہے جس کے مطابق 1999ءمیں ’مس انڈیا‘ بننے والی گل پناگ سوشل میڈیا پر مقبولیت کے بعد ”عام آدمی پارٹی‘ کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں اور ان کامقابلہ بہت سی فلموں میں مہربان ماں کا رول ادا کرنے والی کرن کھیر سے ہے جن کے پرستار بھی بے شمار ہیںجو بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے الیکشن لڑرہی ہیں۔ماضی کے ڈیشنگ ہیرو اور خطرناک ولن راج ببراترپردیش کے علاقے فیروزآباد سے کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ رہے ہیںلیکن اب وہ غازی آباد سے لڑیں گے۔دو بارلوک سبھا کے ممبر منتخب ہونے اور یونین منسٹربننے والے ونود کھنہ گورداسپور سے امیدوار ہیں۔ سابق یونین منسٹر اوربالی وڈ کی ایک اور جانی مانی ہستی شترو گھن سنہا پٹنہ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ ڈریم گرل ہیما مالنی 2004 ءسے بی جے پی کے پلیٹ فارم پر سیاسی میدان کا حصہ ہیں، وہ انتخابی معرکہ متھرا میں لڑیں گی۔ہلے گلے کی شوقین آئٹم گرل راکھی ساونت فلموں کی طرح سیاسی گہما گہمی میں بھی رونق کا تڑکا لگانے آ رہی ہیں وہ ممبئی کے جنوب مغربی علاقے سے آزاد امیدوار کے طور پر بڑے بڑوں کی چھٹی کرانے کا خواب دیکھ رہی ہیں ، انہوں نے اپنی پارٹی راشٹریہ عام آدمی پارٹی بنا کرہری مرچ کا انتخابی نشان مانگا تھا۔فلم انڈسٹری چھوڑتے ہی سیاست جوائن کرنے والی اداکارہ نغمہ کانگریس کے رکن کی حیثیت سے میرٹھ سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔پوپ سنگربپی لہری نہ صرف اپنے فاسٹ ٹریک اور ہنگامہ خیز میوزک سے جانے جاتے ہیں بلکہ ان کی گولڈ جیولری کے بھی بہت سے مداح ہیں۔ بپی لہری کولکتہ کے ڈسٹرکٹ ہوگلی سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔بھوج پوری سینما کے امیتابھ بچن کہلانے والے روی کشن کانگریس کے ٹکٹ پر یوپی کے جون پورجبکہ بھوج پوری سپرسٹارمنوج تیواری بہار کے علاقے بھکسر سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔کئی فلموں میں سیاستدان کاکردار ادا کرنے والے ورسٹائل ایکٹر پریش راول اب حقیقی زندگی میں بھی سیاستدان بن گئے ہیں وہ نریندر مودی کے صوبے گجرات کے شہراحمد آباد سے مودی کی پارٹی بی جے پی ہی کے امیدوار ہیں۔بالی وڈ ایکٹر اور ڈائریکٹر مہیش منجریکراپنی ہی جماعت’مہاراشٹر نو نرمان سیوا‘ کے ٹکٹ پرممبئی کے شمال مغربی حلقے سے امیدوار ہیں۔

مزید : صفحہ آخر