شادمان : خواتین سے نقدی زیورات چھین کر فرار ہو نیوالا ڈاکو پولیس فائرنگ سے زخمی ہسپتال منتقل
لاہور(ملک خیام رفیق) شاد مان کے علاقہ میں رکشے میں سوار خواتین سے طلائی زیورات اور نقدی چھیننے والا ڈاکو پولیس فائرنگ سے زخمی ہو گیا، سخت پہر ے میں قریبی ہسپتال منتقل، واقعہ کے بعد جائے وقوعہ پر پولیس اور شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق شاد مان کے علاقہ جیل روڈ پر آٹو رکشے میں سوار خواتین سے اسلحے کی نوک پر کانوں سے بالیا ں نو چنے ،طلائی زیورات اور موبائل نقدی چھین کر فرار ہونے والے ڈاکو پر مقامی پولیس نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔اسے زخمی حالت میں گرفتار کر کے فوری طبی امداد کیلئے سروسزہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی جو شیرا کوٹ کا رہائشی بتایا گیا ہے۔واردات کے بعد جائے وقوعہ پرڈی ایس پی اور مقامی تھانہ شاد مان سمیت ریس کورس اور اچھرہ پولیس بھی پہنچ گئی جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔