اسلامی مالیاتی پراڈکٹس میں شرعی قوانین یقینی بنانے کیلئے روڈ میپ تیا ر

اسلامی مالیاتی پراڈکٹس میں شرعی قوانین یقینی بنانے کیلئے روڈ میپ تیا ر

 اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملک میں اسلامی مالیاتی مارکیٹ کے فروغ اور تشکیل نو کیلئے ایک روڈ میپ تیا ر کیاہے جس کا مقصد اسلامی مالیاتی پراڈکٹس میں شرعی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔اس روڈ میپ کے تحت اسلامی مالیاتی مارکیٹ کی سرگرمیاں جیسے کہ ، تکافل ، مضاربہ ،اسلامک میوچل فنڈز ، اسلامک پینشن فنڈز ، اسلامک رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ ٹرسٹ، اسلامی مالیاتی ادارے (بینکنگ کے علاوہ)، شرعی کمپنیاں (غیر مالی)، کمپنیز ، اسلامک مصنوعات وخدمات کے لئے کے لئے یکساں شرعی ریگولیشن بنانااور ان پر عمل درآمد کا نظام وضح کرنا ہے۔ چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی پاکستان میں اسلامک فنانشل انڈسٹری کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اور اس مقصد کے لئے اسلامک فنانس ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ یہ ڈیپارٹمنٹ براہ راست چیئرمین ایس ای سی پی کی نگرانی میں کام کر رہا ہے۔اسلامک فنانس ڈیپارٹمنٹ ، سیکیورٹیز مارکیٹ ڈویثرن کی مشاورت سے کراچی سٹاک ایکس چینج میں ایک شرعی انڈیکس کو متعارف کروانے کیلئے کام کر رہا ہے۔ایس ای سی پی نے حال ہی میں مضاربہ اور اسلامی مالیاتی مارکیٹ میں اصلاحات لانے کے لئے اپنی سفارشات پاکستان میں اسلامک بینکنگ کے فروغ کے لئے قائم سٹیرنگ کمیٹی کو پیش کر دہ ہیں جبکہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وفاقی وزیر خزانہ جناب سینیٹر اسحاق ڈار، کو جمع کروا دی ہیں۔ سٹیرنگ کمیٹی کی سفارشات کے نفاذ کے علاوہ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس ای سی پی کامشترکہ فورم بھی قائم کیا گیا ہے جو کہ تکافل انڈسٹری کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔ یہ مشترکہ فورم مضاربہ اور سکوک کی وساطت سے بھی اسلامی بینکنگ کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

مزید : کامرس