گورنر سندھ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ، اسد اللہ بھٹو

گورنر سندھ نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ، اسد اللہ بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ گورنر سندھ عشرت العباد نے گورنر ہاؤس میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اجلاس طلب کرکے ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی اور انتخابات میں اثر انداز ہونے کیلئے اپنی گورنر شپ کے عھدے کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے جس کا الیکشن کمیشن کو فوری نوٹس لینا چاہئے ۔جماعت اسلامی کے کارکنان وہمدرد این اے 246کے ضمنی انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرکے ثابت کردیں کہ کراچی کے عوام دہشتگرد ٹولہ اور مصنوعی قیادت کو مسترد کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی امانت ودیانت اور انسانیت کی خدمت کا نام ہے، عبدالستار افغانی، پروفیسر غفور احمد اور نعمت اللہ خان جیسے بے داغ انسان اس کی واضح مثال ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے ایک روزہ مالیاتی ورکشاپ سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ جس میں کراچی سمیت سندھ بھر سے ناظمین مالیات نے شرکت کی جبکہ صوبائی نائب امیر عبدالغفار عمر، مرکزی آڈیٹر سید حفیظ اللہ ،مرزا بشارت علی، مظہرمحمود صدیقی،صفدربشیر،محمد رفیق اور صوبائی ناظم محمد دین منصوری بھی موجود تھے۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کو بلٹ اور کیمیرے کے ذریعے ہائی جیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی صورتحال میں پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرکے مسلم امہ کو تقسیم کرنے والی سازشوں کو ناکام بنانا چاہئے۔ایران پاکستان اور سعودی عرب سہ فریقی کانفرنس کا انعقاد کرکے مسئلہ کو حل کریں۔

مزید :

صفحہ آخر -