سٹیٹ بینک کو تمام چیکوں پر نیب کا پیغام بد عنوانی سے انکار شائع کرنیکی تجویز

سٹیٹ بینک کو تمام چیکوں پر نیب کا پیغام بد عنوانی سے انکار شائع کرنیکی تجویز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( آئی این پی ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے عوام الناس کو بدعنوانی کے برے اثرات سے متعلق آگاہی دینے کے ضمن میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کوتمام چیکس پر نیب کا پیغام ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ شائع کرنے کی تجویز دی ہے ۔ نیب کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بدعنوانی اور رشوت ستانی نظام کی کمزوریوں کی شکل میں اپنی جڑیں بنا چکی ہے، نیب کا مقصد ان کمزوریوں کو دور کرنا اور نظام میں استحکام اور شفافیت لانا اور بدعنوانی اور بدعنوان عناصر کی سرگرمیاں سرزد ہونے سے پہلے تمام فریقین، عوام الناس اور سول سوسائٹی کی مدد سے اس کی روک تھام کرنا ہے۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی ہدایات پر نیب نے آگاہی اور تدارک مہم کے ساتھ ساتھ بدعنوان عناصر کی گرفتاری کیلئے قوت کے استعمال کی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور اشتہاری مجرموں اور مفروروں کو کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔ نیب کا اختیار نیب آرڈیننس کی شق 33 سی کے تحت بدعنوانی کی روک تھام اور آگاہی کیلئے اقدامات ہے جس کے تحت نیب مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں اور سول سوسائٹی کو بدعنوانی کے خلاف جہاد میں شامل کر رہا ہے، اس تناظر میں نیب نے مختلف اقدامات کئے ہیں جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمتی یاداشت کے ذریعہ ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کے مابین آگاہی پیدا کرنا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء میں روانگی سے قبل کرکٹ ٹیم کو بدعنوانی سے انکار کا پیغام پہنچانا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے پاکستان ہاکی ٹیم کو بدعنوانی سے انکار کے پیغام کو عام کرنے میں شامل کرنا، پاکستان ٹیلی ویژن کے تعاون سے بدعنوانی سے انکار کا ترانہ نشر کرانا، دستاویزی ڈرامے جن میں ’’خیال رکھنا‘‘ اور ’’غنی بخش حاضر ہو‘‘ کے ڈرامے نشر کرانا، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز، پیسکو اور آئیسکو کے تعاون سے اپنے پلیٹ فارم کے تحت بدعنوانی کے برے اثرات سے متعلق آگاہی پھیلانا اور آئیسکو کی طرف سے 24 لاکھ بجلی کے بلوں پر فروری 2015ء سے بدعنوانی سے انکار کا پیغام شائع کرانا، پی ٹی اے کے تعاون سے نیب کے اس پیغام کو عالمی یوم بدعنوانی پر ملک بھر کے تمام کمپنیوں کے موبائل فون صارفین کو بدعنوانی سے انکار کا پیغام جاری کرانا، پی آئی اے کے تعاون سے پی آئی اے کی اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں میں نیب کا پیغام بدعنوانی سے انکار جاری کرانا، فلم سنسر بورڈ کے تعاون سے نیب کے اس پیغام کو سینما گھروں میں قومی ترانہ کے بعد اس پیغام کا اجراء جیسے اقدامات شامل ہیں۔ نیب کے ان اقدامات کو عوامی طور پر سراہا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر نیب کا خصوصی ڈیزائن کردہ یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پاکستان پوسٹ کے تعاون سے جاری کیا گیا ہے جو ملک بھر کے تمام ڈاکخانوں میں فروخت ہو رہا ہے۔ نیب اسلام آباد ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس کے تعاون سے تمام ڈرائیونگ لائسنسوں پر بدعنوانی سے انکار کا پیغام شائع کرایا ہے، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مہم کا آغاز کر دیا ہے اور مارچ 2015ء کے بعد سے یہ پیغام شائع کیا جا رہا ہے۔ نیب نے موٹروے پولیس کو دعوت دی ہے کہ وہ انسداد بدعنوانی مہم میں نیب کا ہاتھ بٹائے۔ اس سلسلہ میں نیب نے گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط ارسال کیا ہے کہ سٹیٹ بینک تمام شیڈول بینکوں کو ریگولیٹ کرنے والے ادارے کی حیثیت سے نیب کے پیغام کو تمام چیکوں پر شائع کرانے میں کردار ادا کرے۔ نیب اپنے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی قیادت میں اس بات پر مضبوط یقین رکھتی ہے کہ نیب کی بدعنوانی کے خلاف آگاہی مہم تمام شعبوں اور طبقات کے مفاد میں ہے۔ملک میں شفاف اورپائیدار نظام کی تشکیل کیلئے نیب نے ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمے کا عزم کررکھاہے ۔ نیب

مزید :

صفحہ آخر -