یمن میں محصور پاکستانیوں کا انخلاء جاری صنعا سے تیسری خصوصی پرواز وطن پہنچ گئی

یمن میں محصور پاکستانیوں کا انخلاء جاری صنعا سے تیسری خصوصی پرواز وطن پہنچ ...

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) یمن میں محصور پاکستانیوں کو لانے والی پی آئی اے کی تیسری خصوصی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی، مسافروں کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی جن کے چہرے خوشی سے تمتما اٹھے جبکہ مسافروں اور دیگر افراد کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ائرپورٹ گونج اٹھا۔تفصیلات کے مطابق یمن میں محصور پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ پی آئی اے کی خصوصی ائیر بس 310 کراچی سے صبح یمن کے دارالحکومت صنعاء روانہ ہوئی تھی جہاں اترنے کی اجازت نہ ملنے پر طیارہ دو گھنٹے تک فضا میں چکر لگاتا رہا اور بعدازاں اسے اترنے کی اجازت دے دی گئی۔مسافروں کی بورڈنگ اور طیارے میں بٹھانے کا عمل تین گھنٹے میں مکمل ہوا جس کے بعد طیارہ اسلام آباد ر پہنچ گیا جو بعد ازاں کراچی روانہ ہوگیا، دوسری جانب پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت المکلہ سے 147 پاکستانیوں اور گیارہ بھارتیوں سمیت 183 محصورین کو لے کر پاکستان کی طرف رواں دواں ہے جو منگل کو کراچی بندرگاہ پہنچے گا۔ یمن کے مختلف علاقوں میں محصور پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پاک بحریہ کا ایک اور جہاز بھی حدیدہ پہنچے گا اور عدن سے ہوتا ہوا وطن واپس لوٹے گا۔ اس جہاز کی واپسی کے ساتھ ہی یمن سے پاکستانیوں کا انخلاء مکمل ہو جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سرحد پار کرکے یمن سے عمان داخل ہونے والے 12 پاکستانیوں کو مسقط پہنچا دیا گیا جہاں سے سفارت خانہ پاکستانیوں کی واپسی کا انتظام کریگا۔ ترجمان کے مطابق مسقط سے 12 شہریوں کے وطن پہنچنے پر یمن سے پاکستان پہنچنے والے پاکستانیوں کی تعداد 850 ہو جائے گی ۔ یمن،انخلاء

مزید : صفحہ آخر