مختلف مقامات پر ون ویلنگ ،8 نوجوان زخمی ، موٹر سائیکل ریس پر لاکھوں کا جوا
لاہور(کرائم سیل)شہر کے مختلف مقامات پر اتوار کے روزجان لیوا کھیل ون ویلنگ،اور موٹر سائیکل ریس ہوتی رہی، منچلوں کی ہلڑ بازی ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر قبضہ جمار کھا تھا جبکہ بعض جگہوں پر ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس کے دوران کئی نوجوان ٹریفک حادثات کا شکار بھی ہوئے انکو ہسپتال میں طبی امداد کیلئے داخل کروادیا گیا ہے جبکہ پولیس کاروائی کرنے کی بجائے تھانوں میں موجود رہی ۔تفصیلات کے مطابق گلبرگ،غالب مارکیٹ ،کینال ویو،جیل روڈ ،فیروز پور روڈ و دیگر جگہوں پر منچلے ٹولیوں کی شکل میں اکھٹے ہوگئے ۔تین کلو میٹر سے چار کلو میٹر تک کی ہیوی بائیک موٹر سائیکل ریس ہوئی جس پر لاکھوں روپے کا جواکھیلا گیا ۔جیل روڈ پر موٹر سائیکل ریس کے دوران دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے تین نوجوان زخمی ہوئے ،غالب مارکیٹ ،جوہر ٹاؤن کے علاقوں میں ون ویلنگ اور موٹر سائیکل کرتب کرتے ہوئے پانچ نوجوان گرکر شدید زخمی ہوئے ،امدادی ٹیموں نے انکو جنرل ہسپتال پہنچا دیا ۔ٹریفک پولیس ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے شہریوں کے چالان کرتے رہی۔ بعض مقامات چڑیاگھر ،لارنس گارڈن ،ریس کورس پارک ،گلشن اقبال پارک پر ون ویلنگ کرنے والے منچلوں نے ہلڑ بازی جاری رکھی جبکہ خواتین سے بدتمیزی کے واقعات بھی رونما ہوئے لیکن مقامی پولیس تھانوں میں ہی موجود رہی۔ اس سلسلہ میں پولیس نے بتایا کہ ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس نے مہم چلائی تھی اور شہریوں کو آگاہی کیلئے پمفلٹ بھی تقسیم کئے، مہم میں ٹریفک حادثات کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے والدین بھی شریک تھے۔ سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے مثبت انتظامات کرلئے ہیں ،خلاف وزری کرنے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔