مسیحی برادری نے ایسٹرکا تہوار مذہبی جوش وجذبہ سے منایا
لاہور(وقائع نگار) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوارمنایا پاکستان میں ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں کو برقی قمقموں، رنگ برنگی جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جب کہ گرجا گھروں میں عبادات کے دوران ملکی سلامتی، استحکام،امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے اور چرچز میں جانے والوں کو جامعہ تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان تمام اقلیتوں کیلیے مساوی حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں بھی مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔لاہور میں ایسٹر کی سب سے بڑی تقریب کیتھیڈرل چرچ مال روڈ میں منعقد ہوئی جہاں مسیحی عمائدین نے خطاب اور عبادات کروائیں۔ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المیسح بھی کہا جاتا ہے، جو دراصل مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو دوبارہ زندہ کر کے اٹھائے جانے کا دن ہے۔