دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کسی ملک نے مدد نہیں کی ، سعودی عرب کے معاملے پر پارلیمنٹ فیصلہ کرے: خواجہ آصف

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کسی ملک نے مدد نہیں کی ، سعودی عرب کے ...
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کسی ملک نے مدد نہیں کی ، سعودی عرب کے معاملے پر پارلیمنٹ فیصلہ کرے: خواجہ آصف

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہاکہ پاکستان کی فوج دنیا کی وہ واحد فوج ہے جو دہشتگردوں سے براہ راست نبردآزما ہے ، ہماری مدد کسی ملک نے کی اور پاکستان مکمل طور پر اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے جنگ لڑرہاہے تاہم سعودی عرب کے ساتھ جذباتی و مذہبی معاملات وابستہ ہیں ،سعودی عرب کو یقین دہانی کرائی کہ اُن کی سلامتی کو خطرہ ہواتو پاکستان سعودی عرب کیساتھ ہے ، حتمی فیصلہ پارلیما ن نے کرناہے اور تمام جماعتوں کو قومی فیصلوں کیلئے یہی پلیٹ فارم استعمال کرناچاہیے ۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیردفاع کاکہناتھاکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اب تک 100ارب ڈالر کا نقصان ہوچکاہے ، ایک لاکھ 72ہزار جوان دہشتگردوں سے نبردآزماہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ پاک فوج کے بہادر جوان اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ، دنیا کو بتادیناچاہتے ہیں کہ اپنی غیر ت اور عزت کا دفاع کرناجانتے ہیں ، جون سے لے کر اب تک یہ چیز ثابت کی ہے اور کسی کو شک نہیں ہوناچاہیے ۔اُن کاکہناتھاکہ تمام اسلامی ملک اس بات کی شدید خواہش رکھتے ہیں کہ معاملہ امن کے ساتھ حل ہوجائے ، بدقسمتی ہے کہ لیبیا ، عراق ، شام اور یمن میدان جنگ بنے ہوئے ہیں ، اس سے قبل شاید کبھی اتنی ضرورت نہیں تھی جتنی اب مسلم امہ کو اتحاد کی ضرورت ہے ۔

اُنہوں نے ایک مرتبہ پھر اعادہ کیاکہ سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ ہواتو مذہبی وابستگی کی وجہ سے کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور بھرپورجواب دیاجائے گا۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں