بیدیاں روڈ خودکش حملہ ، قوم بزدلانہ کاروائیوں سے ڈرنے والی نہیں ، فنکار

بیدیاں روڈ خودکش حملہ ، قوم بزدلانہ کاروائیوں سے ڈرنے والی نہیں ، فنکار
 بیدیاں روڈ خودکش حملہ ، قوم بزدلانہ کاروائیوں سے ڈرنے والی نہیں ، فنکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(فلم رپورٹر)شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادنے بیدیاں روڈ لاہور پر دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور اس کے نتیجہ میں آرمی کے جوانوں اور دیگر کی شہادت پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد جان لیں کہ ان کی بزدلانہ کاروائیوں سے یہ قوم ڈرنے والی نہیں ہے،شوبز شخصیات نے حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک اور بڑا سانحہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔پاکستان حالت جنگ میں ہے لہٰذاپوری قوم اور سیاستدانوں کو فوری طور پر متحد ہوکر دہشت گردی کے خاتمے کی کوشش کرنی چاہیئے۔اس واقعہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے میلوڈی کوئیں آف ایشیاء پرائڈ آف پرفارمنس شاہدہ منی نے کہا کہ پوری قوم کی طرح مجھ پر بھی یہ خبر بجلی بن کر گری،دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔اداکارہ صائمہ اور ریشم نے کہا اس سانحے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے کیونکہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا ہے جواپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے گھر سے نکلے تھے۔اداکارہ میگھا اور سدرہ نورنے کہا کہ میں اس واقعہ سے بہت سوگوار ہوں اور ہم نے آج کے دن اپنی تمام سرگرمیاں معطل کردی ہیں کیونکہ جب میرے ملک کے معصوم لوگوں کی اس طرح جان لی جائے وہاں کام کرنے کو دل نہیں کرتا۔اداکارہ ماہ نور اور آشا چوہدری نے کہا کہ دہشت گردوں کاسر کچلنے کے لئے مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔اداکار معمر رانا ،سہراب افگن،سعوداور بابر علی نے کہا کہ دہشت گردوں نے پہلے بھی ماؤں کی گود اجاڑی تھی اور اب ایک بار حملہ کیاہے،پاک فوج کے جوانوں پر حملے کرکے دہشت گرد کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ اداکارہ ثناء اوررزکمالی نے کہا کہ پاکستانی فوج’’ردالفساد‘‘ کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو کوششیں کررہی ہے اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں لیکن بیرونی طاقتیں اس طرح کے واقعات سے ہمارے ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں جس کے انہیں منہ توڑ جواب دینا ہوگا،گلوکارہ سائرہ نسیم،حمیرا چنا اور عذرا جہاں نے کہا آج ہمارادل خون کے آنسو رورہا ہے کیونکہ ابھی تو کچھ عرصہ قبل ملک میں ہونے والی لاہور اور دیگر شہروں میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے زخم بھی تازہ ہیں کہ ایک اور سانحہ رونما ہوگیا ہے۔اداکارہ ثمینہ پیرازادہ اورعذرا آفتاب نے کہا بیرونی طاقتیں دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کررہی ہیں لیکن پوری قوم نے یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم سب ایک ہیں ۔سٹار میکر ڈائریکٹر جرار رضوی،اچھی خان،پروڈیوسر یار محمد شمسی صابری اور حاجی عبد الرزاق نے کہاکہ فوجی جوانوں پر دہشت گردی کا مقصدعوام میں خوف و ہراس پیداکرنے کی سازش ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔جن دیگر افراد نے بھی سانحہ لاہور پر افسوس کا اظہارکیا ہے ان میں ڈائریکٹرشاہد ظہور،گلوکار ظفر اقبال نیویارکر،صباء کاظمی،آغا حیدر،سلیم بزمی،ایوب کھوسہ،شبیر جان ،عباس کاکڑ،جاوید رضا،سید فیصل بخاری،عباس باجوہ ،موسیقار رفیق حسین،اسرار،شوکت چنگیزی،شاہد عزیز،ماریہ خان،خرد حیات،عثمان پیرزادہ،فضاعلی،صبا قمر،میکال ذوالفقار،امین اقبال ،ماہا وارثی ،نورخان،پریسہ،نتاشاعلی اور نیلم منیر شامل ہیں۔

مزید :

کلچر -