تاجر و صنعتکار برادری کی لاہور میں مردم شماری کی ٹیم پر حملے کی شدید مذمت
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد جاوا اور نائب صدر ناصر حمید خان ‘پیاف کے قائم مقام چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہزیب اکرم ‘ ممتازتاجر رہنما وفیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر خادم حسین اور دیگر تاجر وصنعتی تنظیموں نے نے مردم شماری ٹیم پر خود کش حملے کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت، فوجیوں اور عام شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس گھناؤنی سازش میں ملوث افراد سمیت تمام دہشت گردوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا راستہ بند کرنے کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرتناک سزائیں دینا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سانحہ لاہور میں فوجی جوانوں اور عام شہریوں کی شہادت پر غمزدہ اور ان کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم کے حوصلے بلند اور وہ حکومت و مسلح افواج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہے۔ پاک فوج دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں کو ختم کر کے ہی دم لے گی۔ ملک کے اندر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام بزنس کمیونٹی حکومت اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔بزدل دہشتگردوں کی کارروائیاں ہمارے عزائم کا راستہ نہیں روک سکتیں ، ،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں،انشاء اللہ ملک جلد ہی امن کا گہوارہ بن جائے گاَ۔بزدلانہَدھماکوں کا مقصد سی پیک ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دہشت زدہ کرنا اور ملک کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکنا ہے ۔ سی پیک کی کامیابی سے پاکستان کے دشمن ممالک ملک کی ترقی سے خوفزدہ ہیں اور دہشت گردی کی وارداتوں کے ذریعے ملک میں خوف و ہراس کی فضاء قائم کرکے غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکنا چاہتے ہیں ۔