چین کمبوڈیا کو کھیلوں کی مد میں 157ملین ڈالر کی امداد دیگا

چین کمبوڈیا کو کھیلوں کی مد میں 157ملین ڈالر کی امداد دیگا

نوم پنہ (آن لائن) چین نے نوم پنہ کے شمالی علاقے میں سٹیڈیم کی تعمیر شروع کر دی ہے، یہ سٹیڈیم چینی فنڈ سے تعمیر کیا جارہا ہے ، کمبوڈیا 2023 میں پہلی بار جنوب مغربی ایشین گیمز کی میزبانی کررہا ہے۔

، سٹیڈیم کی تعمیر انہی تیاریو ں کا حصہ ہے ،کمبوڈیا کے وزیر اعظم سمدیش ٹیکو ہن سین اور چینی سفیر زیانگ بو نے سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا ، اس موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں 6ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔کمبوڈیا کی نیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھانگ خون نے کہا ہے کہ سٹیڈیم پر ایک ارب چینی یو آن (157ملین امریکی ڈالر ) خرچ ہوں گے جو چین کی طرف سے فراہم کئے جارہے ہیں ، سٹیڈیم 16.4ہیکٹر رقبے پر تیار کیا جارہا ہے اور توقع ہے کہ یہ 2020 تک مکمل ہو جائے گا ، سٹیڈیم فٹبال ، رگبی اور اتھلیٹکس کیلئے استعمال ہو سکے گا۔ ا س موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین نے کہا کہ سٹیڈیم کا ڈیزائن قدیم چینی تیرتے ہوئے جہاز کی شکل میں تیار کیا گیا ہے اور اس میں 60ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔چینی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ چین کی طرف سے سٹیڈیم کی تعمیر کمبوڈیا کے عوام کے ساتھ دوستی کی مظہر ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی